کاروباری خبریں

انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے ہو جائیں ہوشیار

انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کو خبردار کردیا گیا کہ گوشوارے میں غلطی کی صورت میں تنخواہ کے 75 فیصد تک جرمانہ عائد ہوسکتا ہے۔

انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی کل آخری تاریخ ہے، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس دہندگان کو گوشوارے درست معلومات کے ساتھ جمع کرانے کی ہدایت کردی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ انکم ٹیکس گوشواروں میں غلط معلومات فراہم کرنے، اثاثے چھپانے یا ریکارڈ میں ردوبدل کرنے پر سخت کارروائی اور جرمانے عائد کیے جاسکتے ہیں۔

ذرائع ایف بی آر کا کہنا ہے کہ تمام افراد کی ملک بھر میں موجود جائیدادوں اور اثاثوں کی تفصیلات اور ڈیٹا حاصل کرلیا گیا ہے۔

ایف بی آر گوشواروں میں ظاہر کردہ معلومات کا اپنے دستیاب ڈیٹا سے خودکار نظام کے تحت موازنہ کرے گا، جبکہ اس مقصد کے لیے مصنوعی ذہانت سے بھی مدد لی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق انکم ٹیکس گوشوارے جمع کراتے وقت احتیاط برتنا ضروری ہے اور ٹیکس دہندگان کو ماہر افراد کی خدمات حاصل کرنی چاہئیں تاکہ کسی غلطی سے بچا جاسکے۔

اگر گوشوارے میں کوئی غلطی رہ گئی ہے تو 31 اکتوبر سے پہلے اس کی تصحیح کرائی جاسکتی ہے، انکم ٹیکس آرڈیننس کی شق 182 اور متعلقہ ذیلی شقوں کے تحت جرمانے عائد ہوسکتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تنخواہ دار طبقے کی جانب سے گوشوارے میں غلطی کی صورت میں تنخواہ کے 75 فیصد تک جرمانہ عائد ہوسکتا ہے، جبکہ جرمانہ بروقت ادا نہ کرنے پر یومیہ ایک ہزار روپے اضافی جرمانہ بھی لگایا جاسکتا ہے۔

Related Articles

Back to top button