کاروباری خبریں

تنخواہوں میں اضافہ کی سمری تیار، 120 فیصد تک الاؤنس کی تجویز

خیبر پختونخوا پولیس کی تنخواہوں میں اضافہ کی سمری تیار کرلی گئی، 120 فیصد تک الاؤنس کی تجویز دے دی گئی۔

 خیبرپختونخوا پولیس کی تنخواہوں میں تنخواہوں میں اضافہ اور دیگر ضروریات کی سمری تیار کرلی گئی ہے،سمری گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کو ارسال کر دی گئی۔

سمری میں جنوبی اور ضم اضلاع کے پولیس اہلکاروں کو بنیادی تنخواہ کا 120 فیصد، دیگر آباد اضلاع کے اہلکاروں کو 100 فیصد اور ہزارہ ریجن کے اہلکاروں کو 75 فیصد سیکیورٹی چیلنج الاؤنس دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

سمری میں کہا گیا کہ سیکیورٹی چیلنج الاؤنس کی مد میں ماہانہ 5 ارب 15 کروڑ روپے سے زائد کے اضافی اخراجات ہوں گے۔

سمری میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا پولیس گزشتہ تین دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف برسرِ پیکار ہے، تاہم قربانیوں کے باوجود پولیس کی تنخواہیں دیگر صوبوں کے مقابلے میں کم ہیں۔

 پولیس کی آپریشنل صلاحیت بہتر بنانے کے لیے اسلحے، گولہ بارود، ٹرانسپورٹ اور جدید آلات کی خریداری کے لیے بھی اربوں روپے کے اضافی فنڈز مانگے گئے ہیں۔

سمری میں سب مشین گنز، رائفلز، بلٹ پروف جیکٹس، بیلسٹک ہیلمٹس، ڈرونز، تھرمل ویپن سائٹس، دوربینوں، ڈرونز کے خلاف استعمال ہونے والے نظام اور بکتر بند گاڑیوں کی خریداری کی تجویز شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق پولیس کی خریداری کے لیے 13 ارب 87 کروڑ روپے سے زائد کے اضافی فنڈز طلب کیے گئے ہیں، جبکہ مالی سال 2026-27 کے لیے آباد اضلاع میں خریداری کی مد میں 11 ارب 16 کروڑ اور ضم اضلاع کے لیے 3 ارب 35 کروڑ روپے سے زائد جاری کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

سمری میں پولیس کے جاری ترقیاتی منصوبوں اور مختلف اسکیموں کے لیے بھی فنڈز مانگے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر ترقیاتی منصوبوں کے لیے 12 ارب 22 کروڑ روپے جاری کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

سمری میں موقف اپنایا گیا ہے کہ کے پی پولیس گزشتہ تین دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف برسرِ پیکار ہے اور لازوال قربانیاں دے رہی ہے، تاہم اس کے باوجود خیبر پختونخوا پولیس کی تنخواہیں اور الاؤنسز دیگر صوبوں کے مقابلے میں کافی کم ہیں، جبکہ بجٹ کی کمی کے باعث اسلحہ، حفاظتی سامان اور جدید نگرانی کے آلات کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

Related Articles

Back to top button