آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تربیلا میں اسپیشل سروسز گروپ ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایس ایس جی کی جنگی مہارت اور خصوصی آپریشنز کی انجام دہی کے مظاہرے کا مشاہدہ کیا اور مادرِ وطن کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کرنے والے ایس ایس جی کے جوانوں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز کی آمد پر جی او سی اسپیشل سروسز گروپ نے ان کا استقبال کیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یادگارِ شہداء پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔
دورے کے موقع پر انہیں ایس ایس جی کی خصوصی تربیت، آپریشنل تیاریوں اور مشن سے متعلقہ امور کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
انہوں نے جدید ترین خصوصی سازوسامان کا معائنہ کیا اور ایس ایس جی کی جنگی مہارت اور خصوصی آپریشنز کی انجام دہی میں انتہائی درستگی کے مظاہرے کا مشاہدہ کیا۔
افسران اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ان کی پیشہ ورانہ مہارت، بلند حوصلے اور فرض سے غیر متزلزل لگن کو سراہا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسلسل تربیت، فوجی صلاحیتوں کا فروغ اور آپریشنل تیاریوں پر توجہ مرکوز رکھنا، بدلتے ہوئے سکیورٹی خطرات اور ابھرتے ہوئے چیلنجوں کے خلاف برتری برقرار رکھنے کیلیے ناگزیر ہے۔