پاک-چائنہ فرینڈشپ سینٹر اسلام آباد میں آرکیٹیکچر، تعمیرات، پالیسی اور جدید تعمیراتی ٹیکنالوجی کا سب سے بڑا ایونٹ 24 اپریل سے شروع ہوگا
اسلام آباد / راولپنڈی: انسٹیٹیوٹ آف آرکیٹیکٹس پاکستان (IAP) راولپنڈی-اسلام آباد چیپٹر کے زیر اہتمام تین روزہ آرکیٹیکچر ایکسپو IAPEX کا انعقاد 24، 25 اور 26 اپریل کو کیا جا رہا ہے۔ اس اہم ایونٹ میں وفاقی وزراء، اعلیٰ سرکاری حکام، پالیسی ساز شخصیات، قومی و بین الاقوامی سطح کے معروف آرکیٹیکٹس شرکت کریں گے۔
ایکسپو کے دوران تعمیراتی شعبے سے متعلق پالیسی سازی، جدید رجحانات، پائیدار ترقی، شہری منصوبہ بندی اور آرکیٹیکچر کے مستقبل پر تفصیلی مباحثے اور سیشنز منعقد ہوں گے۔ یہ پلیٹ فارم ماہرین کو ایک جگہ جمع کر کے ملکی تعمیراتی اور آرکیٹیکچرل شعبے کی بہتری کے لیے اہم تجاویز پیش کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔
اس کے ساتھ ساتھ ملک کی صفِ اول تعمیراتی کمپنیوں اور میٹریل انڈسٹریز کی جانب سے جدید تعمیراتی مصنوعات اور ٹیکنالوجی پر مبنی اسٹالز بھی لگائے جائیں گے، جہاں شرکاء کو جدید مٹیریلز اور انوویشنز کے بارے میں آگاہی حاصل ہوگی۔
ہر سال کی طرح اس سال بھی ہزاروں افراد کی شرکت متوقع ہے، جن میں طلبہ، پروفیشنلز، صنعت سے وابستہ افراد اور عام شہری شامل ہوں گے۔
منتظمین کے مطابق IAPEX نہ صرف ایک نمائش بلکہ ایک مؤثر پلیٹ فارم ہے جو ملک میں معیاری تعمیرات، بہتر پالیسی سازی اور آرکیٹیکچر کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔