محکمہ موسمیات کی بارشوں سے متعلق ایک بار پھر بڑی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مغربی راجستھان اور اس سے ملحقہ علاقوں میں ہوا کا کم دباؤ موجود ہے، تاہم کل اس کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کی طاقتور ہوائیں ملک کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جس کے باعث سندھ کے مختلف اضلاع میں آج اور کل تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔
تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص اور دیگر علاقوں میں موسلا دھار بارش متوقع ہے جبکہ ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار اور حیدرآباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسی طرح سانگھڑ، شہید بینظیر آباد، کشمور اور جیکب آباد میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ شکارپور، سکھر، خیرپور اور نوشہرو فیروز میں بھی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ تین روز کے دوران مطلع ابر آلود اور موسم مرطوب رہنے کا امکان ہے، شہر میں آج بوندا باندی یا ہلکی بارش ہو سکتی ہے، جبکہ آئندہ تین روز تک وقفے وقفے سے بوندا باندی جاری رہنے کی توقع ہے۔
پیر اور منگل کے روز شہر میں وقفے وقفے سے تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں، جبکہ مضافاتی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان موجود ہے۔









