دوحا میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کی، اوپنر شامل حسین اور معاذ صداقت نے شاہینز کو 66 رنز کا آغا زفراہم کیا، شامل حسن نے 33 رنز کی اننگز کھیلی، وکٹ کیپر بیٹر روحیل نذیر صفر پر آؤٹ ہوگئے۔
معاذ صداقت اور حسن نواز کے درمیان تیسری وکٹ پر 54رنز کی شراکت ہوئی، معاذ صداقت کا حصہ 59رنز کا رہا، کپتان عبدالصمد نے 28 رنز بنائے۔ حسن نواز نے پانچ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 79 رنز کی ذمہ دارانہ باری کھیلی۔ دوسرے اینڈ سے فرحان یوسف نے 46 گیندوں پر 56رنز اسکو ر کیے، پاکستانی ٹیم آخری اوور میں 313 رنز بناکر آؤٹ ہوئی، بھارت کی جانب سے وپراج، سوریانش، پرنس اور ہرشیتھ نے دو، دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔ جوابی اننگز میں بھارت اے کے دو کھلاڑی 26 کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے، تیسری وکٹ پر کپتان تلک ورما اور ابھیشک شرما نے 67 رنز جوڑے، ابھیشک شرما نے چھ چوکوں اور چھ چھکوں کی مد د سے 70 رنز بنائے، پھر بھارتی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی، کپتان تلک ورما اور شہباز احمد نے ساتویں وکٹ پر 112 رنز بناکر ٹیم کو میچ میں واپس لانے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے، شہبار احمد 56رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان تلک ورما پورے 100 رنز کی اننگز کھیل کر آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بنے۔
بھارتی ٹیم 265 رنز بناکر 48 رنز سے مقابلہ ہار گئی، حسن نواز اور علی رضا نے تین، تین اور عمران رندھاوا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ٹورنامنٹ میں پاکستان کے دو میچوں میں دو فتوحات کے بعد چار پوائنٹس ہوگئے ہیں اور گرین شرٹس کے سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔