پاکستان کے روس میں سفیر فیصل نیاز ترمذی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ روس کے موقع پر دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ کے لیے اہم معاہدے طے پائیں گے۔
انہوں نے روسی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تجارت، توانائی، بنیادی ڈھانچے، ثقافت، تعلیم اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر توجہ دی جائے گی۔
سفیر پاکستان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان اسلام آباد سے ماسکو تک پہلی براہ راست مال بردار ٹرین بھی رواں سال کے اختتام تک روانہ کیے جانے کا منصوبہ ہے۔ یہ ٹرین کوئٹہ اور تفتان سے ہوتی ہوئی ایران کے راستے روس پہنچے گی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف 30 نومبر سے 2 دسمبر تک روس کا تین روزہ سرکاری دورہ کریں گے، جہاں ان کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات بھی متوقع ہے۔
دورے کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور علاقائی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔