X

Punjab Ads – Smartest way of Business Marketing

اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمیں خاموش کرایا جا سکتا ہے تو ایسا ممکن نہیں: بلاول بھٹو

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں اختلافِ رائے برداشت کرنے کا حوصلہ اور سچ سننے کی ہمت ہونی چاہیے۔ اگر میرا مؤقف کچھ اور ہے اور آپ کا کچھ اور تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ میں غدار اور آپ محبِ وطن ہیں۔ ہم دونوں محبِ وطن پاکستانی ہیں اور میں اپنی…

ملتان میں ’میٹ دی پریس‘ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ آج کل کہا جاتا ہے کہ پاکستان ’ہارڈ اسٹیٹ‘ ہے۔ پاکستان کو ایک ہارڈ اسٹیٹ بننے کے لیے برداشت کا مظاہرہ بھی کرنا ہوگا۔ آپ ایک ہارڈ اسٹیٹ نہیں بن سکتے اگر آپ میں تنقید برداشت کرنے کا حوصلہ نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ وہ کسی پر تنقید نہیں کر رہے بلکہ اپنا نظریہ اور مؤقف سامنے رکھ رہے ہیں۔ وہ نہ تو 9 مئی میں ملوث ہیں اور نہ ہی کسی کے لیے گالی استعمال کر رہے ہیں۔

’تمام فیصلے پارلیمان میں ہونے چاہییں‘

بلاول بھٹو زرداری کے بقول ملک میں سیاسی استحکام اور اداروں پر اعتماد کی بحالی کے لیے تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز کو مذاکرات میں شامل کرنا ہوگا جب کہ نظام میں کسی بھی قسم کی تبدیلی یا ری سیٹ جمہوری اور سیاسی انداز میں ہونا چاہیے۔

اپنے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان ایک معاشی بحران سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے کبھی ایسے معاشی حالات نہیں دیکھے۔ سیاست دانوں کی کبھی کبھار ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ سچ بولیں، عوام کو گمراہ نہ کریں بلکہ بتائیں کہ زمینی حقائق کیا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں جنگ کا بوجھ پاکستانی اپنے کندھوں پر اٹھا رہے ہیں۔ ایسے حالات میں جب معاشی طور پر مزید مشکلات کا سامنا کرنے کا خدشہ ہے تو پاکستان کی سیاست میں ری سیٹ کی ضرورت ہے تاکہ ملک اور سسٹم کو اس قابل بنایا جا سکے کہ آنے والے حالات کا مقابلہ کرسکیں۔

اپنے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر ہم چاہتے ہیں کہ یہ سسٹم عوام کی خدمت کرے اور ہمارا ملک اس قابل ہو کہ ہر مشکل کا سامنا کرسکے تو ہمیں جلد ایسے اقدامات اٹھانے پڑیں گے کہ ہم اتحاد، سیاسی استحکام اور تمام اداروں پر اعتماد بحال کرسکیں۔

بلاول بھٹو زرداری کے بقول حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اعتماد کا فقدان ہے، جسے دور کرنے کے لیے حکومت کو اپوزیشن کے سامنے اعتماد سازی کے اقدامات کی تجاویز رکھنی چاہییں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، اس کے اتحادیوں اور اپوزیشن جماعتوں سب کو اس گفتگو کا حصہ بننا ہوگا اور سوچنا ہوگا کہ پارلیمان، الیکشن کمیشن، عدلیہ اور احتساب کے نظام پر اعتماد کیسے بحال کیا جا سکتا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے درمیان اعتماد کا فقدان ہے۔ پارلیمنٹ کو اگر ہم نے فعال کرنا ہے تو تمام فیصلے پارلیمنٹ میں ہونے ہیں۔ اگر ملک کے تمام فیصلے پارلیمان سے باہر کیے جائیں گے اور وہاں ہونے والے فیصلے ہی حتمی ہوں گے تو اس طرح نظام کو ان مسائل کا مقابلہ کرنے کے قابل نہیں بنایا جا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی فیصلے پارلیمان میں ہونے چاہییں اور اگر نظام کو فعال بنانا ہے تو سیاسی جماعتوں کے درمیان بات چیت ضروری ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات اور تنازعات پر ہونے والی بحث میں عوام کے بنیادی مسائل نظرانداز ہو جاتے ہیں۔ مہنگائی، غربت، بے روزگاری، تعلیم اور صحت جیسے مسائل پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی جاتی۔ یونیورسٹیوں سے ڈگریاں حاصل کرنے والے نوجوانوں کو بھی روزگار نہیں مل رہا۔ اس لیے سیاسی قیادت کو عوام پر معاشی بوجھ کم کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وہ سیاسی قوتوں کے ہاتھوں اپنے استعمال ہونے کے حق میں نہیں ہیں اور سیاست دانوں کو محض کاغذی سیاست دان نہیں بننا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی کے لیے ٹشو پیپر بننے کو تیار نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں معاشرے میں اتنی جگہ بنانی چاہیے کہ ہم اپنی بات سامنے رکھ سکیں۔ ہم 9 مئی والے نہیں ہیں۔ ہم سب مل کر اپنا ایک اتفاقِ رائے بنا سکیں جس سے جمہوری، آئینی اور سیاسی ری سیٹ ہو۔ اگر اس طرح ری سیٹ ہوگا تو پاکستان میں وہ سیاسی استحکام آ جائے گا جو کسی بھی معاشی استحکام کے لیے ضروری ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے ملک میں آزاد صحافت کی بحالی پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ کامیاب معاشرے کے لیے آزاد پریس ضروری ہے۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے ہتھیار اٹھانے کے بجائے اپنی آواز، قلم اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے پاکستان کی بنیاد رکھی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ صحافیوں اور پریس کلبز کی طاقت بحال کرنا چاہتے ہیں تاکہ میڈیا حکومت کو اس کی غلطیوں سے آگاہ کر سکے اور عوام کو درپیش مسائل کی نشاندہی کرے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ حکومت گرانا یا بنانا نہیں چاہتے، تاہم میڈیا کا کردار یہ ہے کہ وہ آئینہ دکھائے۔ اگر میڈیا کو صرف حکومت کی تعریف کرنے کی آزادی ہوگی تو معاشی بحران اور عالمی سطح پر درپیش مشکلات بھی حکمرانوں کی نظروں سے اوجھل رہیں گی اور بہتر فیصلوں کے لیے میڈیا کی تجاویز سے فائدہ نہیں اٹھایا جا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ غلطیاں سب سے ہوتی ہیں۔ وہ اپنے کردار میں ہونے والی غلطیوں سے انکار نہیں کرتے۔ جمہوری ری سیٹ کے لیے ملک میں آزاد صحافت بحال کرنا ہو گی۔

’انتخابی اصلاحات کے لیے تمام جماعتوں کو اعتماد میں لینا ہوگا‘

اپنے خطاب میں چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ سسٹم ری سیٹ میں ایک اہم پہلو انتخابی اصلاحات بھی ہیں۔ جب تک صاف و شفاف الیکشن نہیں ہوں گے اور سب کا اس انتخابی نظام پر اعتماد نہیں ہوگا تو وہ متنازع ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ملک کا پہلا الیکشن تھا جس پر نہ صرف اپوزیشن جماعتیں تنقید کر رہی ہیں بلکہ حکومت کے اتحادی اور حکومتی جماعت کے اراکین میں سے بھی اکثریت کی رائے ہے کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے۔ جب تک انتخابی اصلاحات نہیں کرتے ہم انتخابی نظام پر اعتماد بحال نہیں کرسکتے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کی پارلیمانی کمیٹی میں پاکستان تحریک انصاف کو لازمی شامل کیا جانا چاہیے۔ ان کے بقول جب تک تمام سیاسی جماعتوں کو مجوزہ انتخابی اصلاحات پر اعتماد نہیں ہوگا، انتخابی نظام میں بہتری نہیں آسکتی۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاقِ رائے نہ ہونے کی صورت میں انتخابات اور ریفرنڈم پر بھی تنقید ہوتی رہے گی۔

’27ویں آئینی ترمیم دو تہائی اکثریت سے منظور کی’

بلاول بھٹو زرداری کے بقول 1973 کا آئین متفقہ آئین ہے۔ آج بھی کسی سسٹم پر اتفاقِ رائے ہے تو وہ 1973 کا آئین ہے۔ اسی طرح 18ویں ترمیم اتفاقِ رائے سے پاس کروائی۔ ان کے بقول 26ویں آئینی ترمیم بھی میثاقِ جمہوریت کا حصہ تھی اور اس کی منظوری میں اگر مکمل اتفاقِ رائے نہیں تو جتنا ممکن تھا ان کے بس میں انہوں نے اس پر اتفاقِ رائے کروانے کی کوشش کی۔

27ویں ترمیم پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسے ہم نے دو تہائی اکثریت سے پاس کیا۔ یہ بھی ہماری کامیابی ہے کہ آئین میں یہ شرط پیپلزپارٹی کی محنت سے ڈالی گئی کہ ملک کی اعلیٰ ترین عدالت میں تمام صوبوں کی برابر نمائندگی ہو۔ البتہ ان کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ اپوزیشن کا اس عدالتی نظام پر اعتماد نہیں ہے۔

“پاکستان کے قیام کی جدوجہد میں قائداعظم نے کوئی ہتھیار نہیں اٹھایا بلکہ اپنے قلم، آواز، سوچ اور پُرامن جمہوری جدوجہد کے ذریعے اس ملک کی بنیاد رکھی۔ کسی بھی کامیاب معاشرے کے لیے آزاد پریس ضروری ہوتی ہے۔ پاکستان کے پریس کلبز اور صحافیوں کے پاس کبھی یہ طاقت ہوا کرتی تھی اور میں آپ کو وہ طاقت واپس دلوانا چاہتا ہوں۔”

انہوں نے اپنی جانب سے ’برُوٹ میجورٹی‘ کی اصطلاح استعمال کرنے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مراد دو تہائی اکثریت تھی نہ کہ اس اکثریت کے ذریعے دوسروں پر فیصلے مسلط کرنا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے جو لفظ ’برُوٹ‘ استعمال کیا تھا اسے بھی سخت انداز میں پیش کیا گیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دو تہائی اکثریت کا مطلب لازمی طور پر یہ نہیں کہ پارلیمانی اکثریت استعمال کرکے اتفاقِ رائے کے بغیر فیصلے مسلط کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کے نانا اور سابق وزیرِاعظم ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو متفقہ آئین دیا تھا۔ اسی طرح 18 ویں ترمیم بھی سیاسی فریقوں کے درمیان اتفاقِ رائے سے تیار اور منظور کی گئی تھی۔ آئینی تبدیلیوں کے معاملے میں اسی جمہوری روایت کو برقرار رکھنا چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں چیئرمین پیپلزپارٹی نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ حکومتی رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مولانا کو حکومت پر تنقید کرنے کا حق حاصل ہے۔ اگر انہیں گھر میں نظر بند کیا جائے گا تو کیا حکومت توقع کرتی ہے کہ وہ احتجاج بھی نہیں کریں گے؟

انہوں نے کہا کہ یہ پہلی حکومت ہے جو خود اپنے لیے مسائل پیدا کرتی ہے اور پھر اس سے لطف اندوز ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ جلد مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کی کوشش کریں گے۔

سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی قید سے متعلق سوال پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کیا آپ سمجھتے ہیں کہ عمران خان سیاسی قیدی نہیں ہیں؟ تاہم حقیقت یہ ہے کہ پی ٹی آئی ایک سیاسی حقیقت ہے، جب کہ عمران خان کو سزا ہو چکی ہے اور وہ جیل میں ہیں۔

نئے صوبوں پر پیپلزپارٹی کا مؤقف

نئے صوبوں کے قیام سے متعلق پیپلزپارٹی کے مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پارٹی کی پالیسی عوامی رائے، مشاورت اور مختلف فریقوں کے درمیان سیاسی اتفاقِ رائے پر مبنی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آئین میں صوبے بنانے کا آئینی طریقہ بنایا گیا ہے۔ عام آئینی ترمیم میں پارلیمنٹ سے دو تہائی کی ضرورت ہوتی ہے لیکن صوبے کے معاملے میں صوبائی اسمبلی سے بھی دو تہائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ ریفرنڈم کا نظام اس طرح کے حساس معاملات کے لیے نہیں ہے جس میں تشدد کا خطرہ موجود ہو۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبے کا مطالبہ وہاں کے عوام کی جانب سے شروع ہونے والی تحریک ہے، اسے سیاسی قیادت کی جانب سے مسلط نہیں کیا گیا۔

ان کے بقول اس معاملے کا جائزہ لینے کے لیے سینیٹ میں قائم کمیشن نے سیاسی جماعتوں، صوبوں، سول سوسائٹی اور معاشرے کے مختلف طبقات سے مشاورت کی تھی جن میں نئے صوبوں کے قیام کے مخالفین بھی شامل تھے۔

کمیشن نے اتفاقِ رائے تک پہنچنے سے پہلے سیاسی اور انتظامی افادیت کے ساتھ ثقافتی اور تاریخی پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا تھا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کمیشن نے جنوبی پنجاب صوبے کے لیے ’بہاولپور جنوبی پنجاب صوبہ‘ کا نام تجویز کیا تھا، جب کہ پنجاب اسمبلی بھی اس تجویز کی حمایت میں قراردادیں منظور کرچکی ہے۔

انہوں نے پنجاب اور سندھ کی تقسیم سے متعلق پیپلزپارٹی کے مؤقف میں تضاد کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کا پورے پاکستان میں ایک ہی مؤقف ہے۔ ان کے بقول سندھ میں پیپلزپارٹی کو وفاق پرست ہونے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب کہ وفاقی دارالحکومت میں بعض اوقات اسے قوم پرست جماعت قرار دیا جاتا ہے۔

’کراچی اور لاہور کے حالات کا موازنہ نہیں کیا جاسکتا‘

میٹ دی پریس میں صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں ہمارا کبھی یہ طریقہ نہیں رہا کہ ہم خون بہانے کی بات کریں۔ ہم خون دینے والے ہیں، ہمارا خون بہایا جاتا ہے، ہم کسی کا خون نہیں بہاتے۔

انہوں نے کہا کہ وہ جہاں بات کر رہے تھے وہ کراچی پریس کلب تھا۔ کراچی کی ایک الگ تاریخ ہے۔ لوگ لاہور اور کراچی کا موازنہ کرتے ہیں لیکن ان دونوں کا موازنہ نہیں بنتا کیوں کہ لاہور کی حالیہ تاریخ میں لوگوں کو وہ حالات نہیں دیکھنے پڑے جو کراچی میں ہمیں دیکھنے پڑے۔

بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا کہ کراچی میں بھائی بھائی کو قتل کیا جا رہا تھا۔ لاہور کو یہ مشکل نہیں دیکھنا پڑا۔ جس انداز میں کراچی کو بند کروایا جاتا تھا اور ہفتوں تک لوگوں کو روزگار سے محروم رکھا جاتا تھا وہ آپ لوگوں نے نہیں دیکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور کو یہ نہیں دیکھنا پڑا کہ سندھ، اردو اور پشتو بولنے والوں کے لیے الگ الگ اسپتال ہوں۔ یہ حالات ہم نے دیکھے ہیں۔ بہت مشکل اور بہت دیر بعد ہم نے کراچی میں امن اور استحکام قائم کیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کے بقول پیپلزپارٹی کو روکنے کے لیے سندھ کی سیاست میں نفرت و تقسیم کا جو بیج بویا گیا، اس نے آگ لگا دی۔ مشکل سے جا کر ہم نے اس پر قابو پایا۔

انہوں نے کہا کہ وہ دھمکی نہیں دے رہے تھے بلکہ خطرے کی گھنٹی بجا رہے تھے اور اس کا ایک تناظر تھا۔ ان کے بقول اگر اس بحث کے دوران بلدیہ فیکٹری میں مزدوروں کو زندہ جلانے والے ’دہشت گرد‘ رہا ہوتے ہیں تو ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ خطرے کی گھنٹی بجائیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ اگر مختلف ’دہشت گرد‘ ایک کے بعد ایک رہا ہوں تو وہ سمجھتے ہیں ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ سوال اٹھائیں۔

’بلدیاتی نظام کو مزید مضبوط کرنا چاہیے‘

ایک سوال کے جواب میں چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ ہمیں ملک میں بلدیاتی نظام کو مزید مضبوط کرنا چاہیے۔ ایک ہی سیاسی جماعت ہے جو بلدیاتی نظام پر یقین رکھتی ہے، جہاں بھی پیپلزپارٹی کی حکومت ہے وہاں بلدیاتی نظام موجود ہے اور الیکشن کروا رہے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ سندھ کا بلدیاتی نظام بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مقابلے میں زیادہ مضبوط ہے، جب کہ دوسرے صوبے میں تو بلدیاتی نظام موجود ہی نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سوال یہی ہے کہ ہم نے اختیارات کو نچلی سطح پر لانا ہے تو پیپلزپارٹی نے اس کے لیے سب سے زیادہ کام کیا۔

News Desk:

This website uses cookies.