X

Punjab Ads – Smartest way of Business Marketing

مریم نواز کے 1000 دن مکمل، پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح کے بڑے اقدامات

راولپنڈی: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں ان کے دورِ وزارتِ اعلیٰ کے ایک ہزار دنوں کے دوران مختلف شعبوں میں اہم ترقیاتی اقدامات کیے گئے ہیں، جن کا مقصد عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور معیارِ زندگی بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے لیپ ٹاپ وصول کرنے والے طلبہ اور ان کے والدین کو…

راولپنڈی میں ہونہار طلبہ میں اسکالرشپس اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ تعلیم کے بغیر ملک کی ترقی ممکن نہیں، ہونہار اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ اسکیم پنجاب کے طلبہ کا بنیادی حق ہے۔ میرٹ پر اسکالرشپس کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ طلبہ کی کامیابی والدین کی محنت اور قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ والدین کے لیے بچوں کی تعلیمی فیس ادا کرنا آسان نہیں ہوتا، اسی لیے ہونہار اسکالرشپ اسکیم کے ذریعے طلبہ کو مالی اور ڈیجیٹل سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نوجوانوں پر سرمایہ کاری ہی ملک کا مستقبل ہے، لیپ ٹاپ طلبہ کو ڈیجیٹل تعلیم کے حصول میں مدد فراہم کریں گے اور ہونہار نوجوان مستقبل میں ملک کا نام روشن کریں گے۔

انہوں نے لیپ ٹاپ وصول کرنے والے طلبہ اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو ان سہولیات پر شکریہ ادا کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ یہ ان کا حق ہے۔ والدین کی خوشی دیکھ کر انہیں بھی بے حد خوشی ہورہی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ آج انہیں وزارتِ اعلیٰ کا منصب سنبھالے ایک ہزار دن مکمل ہوگئے ہیں۔ اس عرصے میں راولپنڈی میں نمایاں تبدیلی آئی ہے، تین سال پہلے کا راولپنڈی اب نظر نہیں آتا اور شہر کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی اور بیوٹیفکیشن کے منصوبے جاری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اللہ تعالیٰ کی مدد اور عوام کی حمایت سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ دوسرے صوبے بھی پنجاب کے منصوبوں کو اپنا رہے ہیں اور پنجاب مختلف شعبوں میں نئے رجحانات متعارف کروا رہا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ اب ستھرا پنجاب کے باعث پورا صوبہ نکھرا ہوا نظر آتا ہے۔ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت تمام شہروں کے پاس اپنی ذاتی مشینری موجود ہے، 2 لاکھ ستھرا پنجاب کے افراد ہر شہر، گاؤں، محلے، گلی اور سڑک کو صاف کررہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ آزاد کشمیر میں جب پی ایم ایل نے الیکشن جیتا تو وہاں ستھرا آزاد کشمیر کے نام سے پنجاب کے منصوبے کو نافذ کیا گیا۔ اسی طرح خیبر پختونخوا میں جب حکومت بدلی تو انہوں نے صاف ستھرا خیبر پختونخوا میں صفائی کا منصوبہ شروع کیا۔

مریم نواز نے کہا کہ اب ہم صرف ستھرا پنجاب پر کام نہیں کررہے، 1000 دن میں یہ کم ہے۔ اب ہم منصوبہ بندی کررہے ہیں کہ ہزاروں ٹن اٹھائے جانے والے کوڑے کرکٹ کو توانائی میں تبدیل کریں گے، اس سے بائیو گیس بنائیں گے، اگلے 1000 دن میں یہ کام ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ 1100 گرین بسیں پورے پنجاب کی سڑکوں پر دوڑ رہی ہیں، جبکہ پنجاب میں گرین بسوں کے ذریعے لوگوں کو سفری سہولیات مہیا کررہے ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ ہر روز پنجاب میں ایک نئی گرین بس شامل ہوئی ہے، جو ہر شخص کے لیے باعزت سواری بن چکی ہے۔ گرین بس خواتین، طلبہ اور بزرگ افراد کے لیے مفت ہے۔ ایران جنگ کے بعد پیٹرول اور ڈیزل مہنگا ہوا تو ہم نے الیکٹرک بسوں کا کرایہ نہیں بڑھایا، بلکہ وہی 20 روپے برقرار رکھا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صرف راولپنڈی میں 80 الیکٹرک بسیں آگئی ہیں، اگلے چند ماہ میں 3 ہزار بسیں پنجاب کے ہر شہر اور ہر تحصیل میں ہوں گی، جبکہ اگلے 2 سال میں 5 ہزار بسوں کا ہمارا کم سے کم ہدف ہے۔ آپ جانتے ہیں نواز شریف کی بیٹی جو وعدہ کرتی ہے، اسے پورا کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کے لیے صرف گرین بسیں نہیں بنائیں بلکہ بس اسٹینڈ اور بس شیلٹرز بھی بنائے ہیں، جہاں لوگوں کو دھوپ، بارش اور سردی سے بچاؤ کا مکمل انتظام ہے۔ گرین بس کے ذریعے لوگوں کو سفری سہولیات مہیا کررہے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ انہی 1000 دنوں میں اپنی چھت اپنا گھر منصوبہ کامیابی کی بلندی تک پہنچ چکا ہے۔ اس منصوبے کے تحت صوبے میں ڈھائی لاکھ گھر تعمیر ہوچکے ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جو بہت محنت کرتے تھے لیکن اپنا خرچ پورا نہیں کرسکتے تھے اور کرایے کے گھروں میں رہتے تھے۔ یہ سفر ابھی شروع ہوا ہے، اسے ہم 5 لاکھ گھر تک لے کر جائیں گے۔ اسی طرح 1000 دن میں 50 ہزار کلومیٹر سڑکیں بنا چکے ہیں، جو صفائی اور عالمی معیار کے مطابق بنائی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 1000 دن میں کیتھ لیبز اور کارڈیالوجی سینٹرز کا جال بچھا دیا گیا ہے۔ وہ علاقے اور شہر جہاں لوگوں کو معلوم ہی نہیں تھا کہ کارڈیالوجی کی سہولت کیا ہوتی ہے، وہاں دل کے امراض کی تشخیص اور علاج کی سہولت ہر شخص کے لیے دستیاب ہے۔ یہ علاج ادویات سمیت 100 فیصد مفت ہے، جو کسی بھی تخصیص کے بغیر ہر شخص کے لیے مفت ہے۔ حکومت کا ایک ہی معیار ہے کہ جو سہولیات امیر پیسے دے کر لے سکتا ہے، وہی سہولت غریب کو بغیر پیسوں کے ملنی چاہیے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان ہی 1000 دنوں میں دنیا کا سب سے بڑا کینسر اسپتال لاہور میں بن رہا ہے، جس کا نام نواز شریف کینسر اسپتال ہے۔ یہ صرف لاہور نہیں بلکہ دیگر شہروں میں بھی بنے گا، صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں کینسر کا اسپتال بن کر فعال ہوچکا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ 1000 دنوں کے اندر 1000 کلینکس آن ویلز کے ذریعے 4 کروڑ لوگوں کا ان کے گھروں پر علاج اور تشخیص ہوئی ہے۔ 10 لاکھ لوگوں کو جنہیں ہیپاٹائٹس، بلڈ پریشر، دل کا مرض اور کینسر ہے، ان کے گھر کا دروازہ کھٹکھٹا کر دو ماہ کا اسٹاک گھر پر ڈلیور کیا جارہا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ان ہی 1000 دنوں میں ایک بہترین اسٹیٹ آف دی آرٹ کارڈیالوجی اسپتال سرگودھا میں بنا ہے، ایک ساملی مری میں بنا ہے اور ایک ساہیوال میں بنایا گیا ہے۔ میں نے ان تمام کاموں کے لیے پہلے دن سے آرام نہیں کیا اور عوام کی خدمت کے لیے پہلے دن ہی منصوبہ بندی کرلی تھی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جب انہوں نے وزارتِ اعلیٰ کا منصب سنبھالا تو 15 ہزار بچوں کی فہرست موجود تھی جنہیں دل کی سرجری کی ضرورت تھی، تاہم اب 18 ہزار بچوں کی سرجریز مکمل کی جاچکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہزاروں مریضوں کے ٹرانسپلانٹ مفت کیے گئے ہیں اور کینسر کے علاج کی سہولت بھی مفت فراہم کی جارہی ہے۔ فالج کے مریضوں کو چار لاکھ روپے مالیت کا انجکشن مفت لگایا جارہا ہے جبکہ ایمبولینس مریض کو گھر سے اسپتال لے جانے اور علاج کے بعد واپس گھر پہنچانے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ صوبے میں ہزاروں ہیلتھ انسپکٹرز گھروں میں جاکر شہریوں کا ڈیٹا جمع کررہے ہیں تاکہ بیماریوں کی بروقت تشخیص اور عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ انہوں نے وزارتِ اعلیٰ کا منصب سنبھالنے کے پہلے دن سے عوامی خدمت کے لیے منصوبہ بندی شروع کردی تھی اور آئندہ ایک ہزار دنوں میں بھی ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

News Desk:

This website uses cookies.