پاکستانی خبریں

صدر مملکت آصف علی زرداری نے خیبرپختونخوا سے متعلق 5 آرڈیننس جاری کردیے

صدر مملکت آصف علی زرداری نےخیبرپختونخوا سےمتعلق 5 صدارتی آرڈیننس جاری کردیے۔

صدارتی آرڈیننس کے ذریعے خیبرپختونخوا اسمبلی کےاراکین کی بیشتر مراعات ختم کردی گئی ہیں جن میں اراکین کو حاصل حفاظتی حراست سے استثنیٰ اور اراکین اسمبلی کی گرفتاری یا حراست کے لیے اسپیکر کی اجازت سےمتعلق قانونی تحفظ بھی شامل ہے۔

آرڈیننس میں اراکین اسمبلی کی مراعات کے تحفظ سے متعلق قانون کے 40 میں سے 21 سیکشنز حذف کردیے ہیں جبکہ اسمبلی، اراکین اور کمیٹیوں کے استحقاق کی خلاف ورزی سے متعلق قانونی دفعات بھی ختم کردی گئی ہیں۔

آرڈیننس کے تحت گرفتار یا زیرحراست رکن اسمبلی کی حاضری سے متعلق دفعہ بھی حذف کردی گئی ہے جبکہ سول اور فوجداری کارروائی سے اراکین اسمبلی کو حاصل تحفظ سے متعلق دفعہ بھی ختم کردی گئی ہے۔

اس کے علاوہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی تنخواہوں، الاؤنسز اور مراعات سے متعلق ایک الگ آرڈیننس بھی جاری کیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے 12 مخصوص اضلاع اور دیگر اضلاع کے لیے الگ الگ اسپیشل انیشی ایٹو آرڈیننس 2026 بھی جاری کیا گیا ہے جس کے تحت مخصوص اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کے لیے ایگزیکٹو کمیٹی قائم کرنےکی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔

صدارتی آرڈیننس کے تحت مخصوص اضلاع کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین اور دیگر ارکان کو وزیراعظم نامزد کریں گے جبکہ دیگر اضلاع کیے لیے قائم ایگزیکٹیوکمیٹی کے ارکان کو گورنرخیبرپختونخوا نامزدکریں گے۔

خصوصی منصوبوں سے متعلق آرڈیننس کو دیگر قوانین پر بالادستی حاصل ہوگی جبکہ خصوصی منصوبوں سے متعلق آرڈیننس کے تحت کیے گئے اقدامات اور احکامات کےخلاف سول عدالتوں کا دائرہ اختیار نہیں ہوگا۔

صدارتی آرڈیننس کے تحت خیبرپختونخوا سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ میں بھی ترمیم کرتے ہوئے مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق قانون میں نئی شق شامل ی گئی ہے۔

صدارتی آرڈیننس کے تحت ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ریلیجس ایجوکیشن کےساتھ رجسٹرڈ مدارس کو سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ کےتحت دوبارہ رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہوگی۔

Related Articles

Back to top button