X

Punjab Ads – Smartest way of Business Marketing

سرکاری اراضی پر قبضہ اب ’’خواہشِ نامراد‘‘ ہوگی، کراچی کو تجاوزات جیسی بدنمائی سے پاک کریں گے، ناصر حسین شاہ

صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سرکاری اراضی پر غیر قانونی قبضہ کرنے والوں کی خواہش اب کبھی پوری نہیں ہوگی، سرکاری زمینوں پر قائم تجاوزات کا خاتمہ کرکے شہر کو اس بدنمائی سے پاک کیا جائے گا۔ سرکاری اراضی کا تحفظ اور شہریوں کے قانونی حقوق کی پاسداری حکومت سندھ کی اولین ترجیحات…

وزیر بلدیات سندھ کی خصوصی ہدایات اور ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی (کے ڈی اے) زین العابدین انصاری کی واضح پالیسی کے تحت شہر بھر میں سرکاری اراضی پر قائم غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کے لیے آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں کے ڈی اے کے محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ نے کورنگی ٹاؤن شپ سیکٹر 32-D میں بڑے پیمانے پر انسدادِ تجاوزات آپریشن کیا، جس کے دوران سرکاری اراضی پر قائم غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کرکے قیمتی سرکاری زمین واگزار کرا لی گئی۔

آپریشن کی نگرانی ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ زین شاہ نے کی، جبکہ کے ڈی اے کے متعلقہ افسران و ملازمین اور پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر موجود تھی۔ کارروائی کے دوران کورنگی ٹاؤن شپ سیکٹر 32-D، ایس ٹی 2 میں اے ایس 5، اے ایس 6 اور اے ایس 7 کے تحت واقع کے ڈی اے کے سرکاری نیلامی پلاٹس پر قائم غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا۔

اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے زین العابدین انصاری نے کہا کہ سرکاری اراضی کا تحفظ اور شہریوں کے قانونی حقوق کی حفاظت ادارے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ سرکاری زمینوں پر غیر قانونی قبضے کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے اور ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کو تجاوزات سے پاک، منظم اور خوبصورت شہر بنانے کے لیے کے ڈی اے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتا رہے گا۔

انہوں نے مزید واضح کیا کہ سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے یا غیر قانونی تعمیرات کے ذریعے سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے لیے کوئی گنجائش نہیں چھوڑی جائے گی۔ ادارہ ترقیات کراچی شہر بھر میں تجاوزات کے خاتمے اور سرکاری زمینوں کی واگزاری کے لیے اپنی کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھے گا۔

News Desk:

This website uses cookies.