پاکستانی خبریں
چوہدری سالک حسین کا جوابی وار، مریم نواز اور عظمیٰ بخاری کو ہتکِ عزت کے نوٹسز بھیج دیے

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری کو ہتک عزت کے نوٹس بھیج دیے ہیں۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے اپنے بیان میں کہا کہ قانونی نوٹس کا باضابطہ جواب جمع کروا دیا گیا ہے۔ قانونی نوٹس کے ذریعے دھمکانے کی کوششیں نہ تو مجھے خاموش کر سکتی ہیں اور نہ ہی عوامی مفاد اور عوام کی فلاح و بہبود سے متعلق مسائل پر آواز اٹھانے سے روک سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ بدستور شدید بدانتظامی اور بدعنوانی کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے۔ یہ وہ مسائل ہیں جن پر دھمکیوں کے بجائے ذرا سی خود احتسابی کا مظاہرہ کرنے اور جوابدہی کی ضرورت ہے۔ پاکستان اور پنجاب کے وسیع تر مفاد میں شفافیت اور احتساب کے لیے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے وکیل کے توسط سے ہتکِ عزت کے دو قانونی نوٹس بھی بھجوائے ہیں جن میں سے ایک محترمہ مریم نواز شریف اور دوسرا محترمہ عظمیٰ زاہد بخاری کو بھجوایا گیا ہے۔









