انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی تعاون کو خوشحالی، امن اور استحکام کے فروغ کے لیے ناگزیر سمجھتا ہے جس کی بنیاد خودمختار مساوات، عدم مداخلت اور باہمی احترام و تعاون کے اصولوں پر مبنی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال، اقتصادی دباؤ اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تیز ترتبدیلیوں کے تناظر میں علاقائی تعاون کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
نائب وزیراعظم نے خطے کی منفرد جغرافیائی اہمیت اور مختلف شعبوں میں وسیع امکانات اُجاگر کرتے ہوئے کاروباری سرگرمیوں میں سہولت کیلئے موثر ٹرانسپورٹ راہداریوں، آسان اور موثر سرحدی طریقہ کاراور طے شدہ انتظامات کی ضرورت پر زور دیا۔
دوسری جانب، اسلام آباد میں ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس شروع ہوگیا جس میں اقتصادی تعاون کے لیے ای سی او کے اسٹریٹجک اہداف 2035 کی منظوری دی جائے گی۔ اجلاس میں اسلام آباد اعلامیے کو حتمی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
دستاویز کے مطابق ای سی او وژن 2025 کی جگہ اسٹریٹجک اہداف 2035 کو نیا فریم ورک بنانے کی تجویز ہے، اجلاس میں ای سی او سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اسد ایم خان کی سالانہ رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا، ای سی او کے 2027 کے بجٹ کی منظوری بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔
ای سی او سائنس فاؤنڈیشن کے صدر پروفیسر سید کمیل طیبی کی دوبارہ تقرری پر غور ہوگا، اجلاس میں ای سی او سائنس فاؤنڈیشن کے صدر پروفیسر سید کمیل طیبی کی دوبارہ تقرری کی منظوری متوقع ہے۔ ای سی او کی اعلیٰ سطحی کمیٹی (ایچ ایل سی) کی پہلی رپورٹ پر تجاویز کی منظوری بھی ہوگی۔
اجلاس میں اعلامیہ اسلام آباد کی منظوری دی جائے گی، ای سی او معاہدوں پر دستخط کے لیے خصوصی تقریب بھی منعقد کی جائے گی جبکہ اجلاس میں تنظیم کے مختلف اداروں اور علاقائی شراکت داروں کی رپورٹس کا جائزہ لیا جائے گا۔
دستاویز کے مطابق قازقستان کے وزیر خارجہ مختار تلیوبردی بھی اجلاس میں بیان دیں گے، وزرائے کونسل کا 31واں اجلاس 2027 میں پاکستان کی میزبانی میں ہوگا۔
ای سی او رکن ممالک کے وزرائے خارجہ وزیراعظم شہباز شریف سے مشترکہ ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم سے ملاقات کے بعد وزرائے خارجہ کی دوطرفہ ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔ اجلاس کے اختتام پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی پریس کانفرنس متوقع ہے۔
ای سی او سیکریٹری جنرل تنظیم کی سالانہ کارکردگی اور سرگرمیوں پر رپورٹ پیش کریں گے، رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور سربراہانِ وفود اجلاس سے خطاب کریں گے۔