آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد پاکستان کو طویل مدتی معدنی سرمایہ کاری کے لیے ایک مسابقتی منزل بنانا ہے، کان کنی کے پورے ماحولیاتی نظام کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے زور دیا کہ کانوں اور کان کنوں، سرمایہ کاری، صنعتوں، منصوبوں اور اس سے وابستہ لوگوں کو تحفظ فراہم کیا جائے گا، پاکستان کی معدنی دولت کو کارآمد بنانا ہمارا اجتماعی قومی مقصد ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا قرار دیا کہ ہمارا مقصد صرف خام مال برآمد کرنا نہیں ہے بلکہ ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ تک پوری ویلیو چین کو تیار کرنا ہے، ہم ایسی طویل مدتی شراکت داری پروان چڑھانا چاہتے ہیں جو پاکستان اور اس کے شراکت داروں کیلئے پائیدار معاشی قدر کا باعث بنے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا کہ معدنی ترقی سے مقامی آبادیوں کو فائدہ پہنچنا لازم ہے ،معدنیات سے مالا مال علاقوں کے لوگوں کو اپنی زندگیوں میں ٹھوس بہتری نظر آنی چاہیے، پاکستان کے لوگ محنتی، دلیر اور پرعزم ہیں جن میں خوابوں کو تعبیر میں بدلنے کی زبردست صلاحیت موجود ہے ، ہمارے وسائل مواقع فراہم کرتے ہیں جبکہ نتائج کے حصول کیلئے ہمارے لوگ طاقت اور عزم کا سر چشمہ ہیں۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے زور دیا کہ ہمیں صلاحیت سے پیداوار کی طرف، وعدوں سے عمل کی طرف اور خام برآمدات سے ویلیو ایڈڈ گروتھ کی طرف بڑھنا ہوگا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر* نے تقریر کے آخر میں *پاکستان ہمیشہ زندہ باد* کا نعرہ بھی بلند کیا۔