پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، بدلتی ہوئی علاقائی و عالمی سکیورٹی صورتحال اور پاکستان چین دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں جانب سے پاکستان اور چین کے درمیان ہر موسم کی اسٹریٹجک تعاون کی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی اور آزمودہ دوستانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے اعلیٰ سطح کے مسلسل روابط، ادارہ جاتی تعلقات کے استحکام اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران چینی وزیر لیو ہائی شنگ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خدمات کو سراہا اور پاکستان چین دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دونوں ممالک باہمی اعتماد، دیرینہ دوستی اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر اپنے تعلقات اور تعاون کو مزید مستحکم بنائیں گے۔