X

Punjab Ads – Smartest way of Business Marketing

گلگت بلتستان کی ترقی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں: وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گلگت بلتستان میں جاری وفاقی ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے اور ان کی بروقت تکمیل کے لیے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ضروری فنڈز فراہم کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ گلگت بلتستان کی ترقی، عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور…

وزیراعظم کی زیر صدارت اسلام آباد میں گلگت بلتستان کے وفاقی ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد علی نے بھی خصوصی شرکت کی۔

اجلاس میں گلگت بلتستان کے عوام کو خراج تحسین پیش کیا گیا جو یکم نومبر کو ڈوگرہ راج سے آزادی اور بعد ازاں پاکستان سے الحاق کے تاریخی دن کے طور پر مناتے ہیں۔اس موقع پر وزیراعظم کے یکم نومبر کو گلگت بلتستان کے دورے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعظم کی ہدایت پر جولائی 2026 میں قائم کی گئی کمیٹی کی رپورٹ پیش کی گئی، جس میں گلگت بلتستان میں جاری وفاقی ترقیاتی منصوبوں کی موجودہ صورتحال، ان پر عمل درآمد میں حائل رکاوٹوں اور بروقت تکمیل کے لیے ضروری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

شرکا کو پن بجلی کے جاری منصوبوں، انفرااسٹرکچر اور شمسی توانائی کے منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان کے عوام کے لیے شروع کیے گئے 100 میگاواٹ کے سولر پاور منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں گلگت بلتستان کے نلتر پاور پراجیکٹ کی تکمیل، انسداد دہشت گردی کی صلاحیتوں میں اضافے اور ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر کی تنصیب سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے اور ان کی بروقت تکمیل کے لیے درکار فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں حائل تمام رکاوٹیں ترجیحی بنیادوں پر دور کی جائیں اور متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کے ذریعے منصوبوں پر عمل درآمد تیز کیا جائے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ گلگت بلتستان کی ترقی، عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کے معیار زندگی میں بہتری وفاقی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ خصوصاً توانائی کے منصوبوں سمیت تمام ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے تاکہ عوام جلد از جلد ان منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔

اجلاس میں وفاقی وزرا احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، علیم خان، مسرت جمال، عطا اللہ تارڑ، شزا فاطمہ، سردار اویس لغاری، وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ اور محمد علی سمیت متعلقہ سرکاری حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں گلگت بلتستان کے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، توانائی کے مسائل کے حل اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔

News Desk:

This website uses cookies.