بین الاقوامی

ایران اور امریکا کے درمیان جوہری معاہدے سے متعلق مذاکرات جاری ہیں: قطر

قطر نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات جاری ہیں اور دونوں فریق سفارتی رابطوں میں مصروف ہیں، تاہم خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث جنگ کے مزید پھیلنے کے خدشات برقرار ہیں۔ قطری وزارت خارجہ کے ترجمان نے خطے میں بڑھتے ہوئے تنازع کے تناظر میں سعودی عرب کی حمایت کا بھی اعلان کیا۔ ان…

الجزیرہ کے مطابق قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے دوحہ میں عالمی سلامتی فورم سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جوہری معاہدے (جے سی پی او اے) سے متعلق مذاکرات جاری ہیں اور دونوں جانب سے بات چیت میں پیش رفت کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔

ماجد الانصاری نے کہا کہ مذاکرات کے بارے میں زیادہ خبریں سامنے نہ آنا اس بات کی علامت ہوسکتا ہے کہ سفارتی عمل کو مناسب انداز میں آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق حساس مذاکرات کی کامیابی کے لیے رازداری برقرار رکھنا ضروری ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ قطر سفارتی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا تاکہ تنازع کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالا جاسکے اور خطے میں مزید کشیدگی سے بچا جا سکے۔

قطری وزارت خارجہ کے ترجمان نے خطے میں بڑھتے ہوئے تنازع کے تناظر میں سعودی عرب کی حمایت کا بھی اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قطر سعودی عرب کی خودمختاری کے دفاع میں اپنے برادر ملک کے ساتھ کھڑا ہے۔

قطر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث علاقائی سلامتی اور توانائی کی فراہمی سے متعلق خدشات بڑھ رہے ہیں۔ دوحہ اس سے قبل بھی ایران اور امریکا کے درمیان اختلافات کم کرنے اور مذاکرات کی بحالی کے لیے سفارتی کردار ادا کرتا رہا ہے۔

تاہم قطری حکام کے بیان میں مذاکرات کے اگلے مرحلے یا کسی ممکنہ معاہدے کے لیے حتمی تاریخ نہیں دی گئی۔

 

Related Articles

Back to top button