پاکستانی خبریں

ان دنوں مولانا فضل الرحمان کا غصہ زیادہ ہے، وقت کے ساتھ نارمل ہو جائے گا: رانا ثنااللہ

وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے مولانا فضل الرحمان کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ فضل الرحمان نے نوازشریف کے بیان کا جوحوالہ دیا اُس وقت حالات مختلف تھے، اُس وقت جو حالات تھے اس میں باجوہ اور فیض ذاتی طورپرملوث تھے۔

رانا ثنااللہ نے پارلیمنٹ ہاؤس میں جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میاں نوازشریف نے اس وقت ان کی نشاندہی کی تھی، نوازشریف نے اُس وقت انہیں کہا تھا کہ آپ کو ان چیزوں میں نہیں پڑنا چاہیے۔

گورنر راج سے متعلق بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا خیبرپختونخوا میں گورنر راج پر مولانا کو اپنے انداز میں بات کرنی چاہیے، معاملے کو پختونوں سے منسلک کرنا بنیادی قومی یکجہتی کیلئے بہتر نہیں، میرا خیال ہے ان دنوں مولانا فضل الرحمان کا غصہ زیادہ ہے، مولانا فضل الرحمان کا غصہ وقت کے ساتھ نارمل ہو جائے گا۔

صحافی نے رانا ثنااللہ سے سوال کیا کہ محسن نقوی کہتے ہیں ایک جماعت کے سربراہ حصہ نہ ملنے پرناراض ہیں کیا کہیں گے؟

اس سوال پر رانا ثنا نے جواب دیا کہ مولانا فضل الرحمان سے ہماری اسی دوران ایک میٹنگ ہوئی تھی، ملاقات میں ایازصادق، طارق فضل چوہدری اور میں شامل تھا، اس کے بعد ایک اور ملاقات وزیراعظم کے ساتھ بھی ہوئی تھی، ان ملاقاتوں میں مولانا فضل الرحمان نے اس طرح کی کوئی بات نہیں کی۔

یاد رہے کہ وزیرداخلہ محسن نقوی نے گزشتہ دنوں کہا تھا کہ ایک جماعت کے سربراہ حصہ نہ ملنے پرناراض ہیں۔

Related Articles

Back to top button