مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

ملک بھر میں مہنگائی کے طوفان نے عوام کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے جہاں روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر بڑھ رہی ہیں۔
کراچی میں مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں ہونے والے مسلسل اضافے نے شہریوں کی کمر توڑ دی ، شہر میں فی کلو چکن کا گوشت 650 روپے سے لے کر 670 روپے تک فروخت ہونے لگا۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں نرخوں میں نمایاں فرق دیکھا جا رہا ہے، جہاں کہیں مرغی کا گوشت 650 روپے، کہیں 660 روپے اور کہیں 670 روپے فی کلو تک میں بیچا جا رہا ہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں چکن کے نرخوں میں تضاد پایا جاتا ہے، پوش علاقوں اور مارکیٹوں میں دکاندار اپنی مرضی کے دام وصول کر رہے ہیں جبکہ نسبتاً سستے علاقوں میں قیمت معمولی کم ہے۔
پولٹری فارمز سے سپلائی مہنگی ہونے اور فیڈ کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ کئی مقامات پر دکانداروں کی جانب سے من مانے نرخ وصول کرنا بھی اس اضافے کی بڑی وجہ ہے۔
اگرچہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مرغی کے گوشت کی سرکاری قیمتیں مقرر کی جاتی ہیں، تاہم پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی عدم توجہی کے باعث دکاندار سرکاری نرخ نامے کو ہوا میں اڑا رہے ہیں۔









