ٹیکنالوجی کی خبریں

موٹرولا کا پہلا فولڈایبل فون

موٹرولا کا پہلا فولڈایبل فون درحقیقت اس کا ماضی کا مقبول ترین ریزر 3 ہوگا، جس کے بارے میں جنوری 2019 سے لیکس اور افواہیں گردش کررہی ہیں۔

مگر اب ایک ڈچ سائٹ لیٹس گو ڈیجیٹل نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ فون امریکا اور یورپ میں دسمبر تک متعارف کرایا جاسکتا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یہ سام سنگ یا ہواوے کے فولڈ ایبل فونز جتنا طاقتور نہیں ہوگا بلکہ اس میں چھوٹی بیٹری اور مڈرینج پراسیسر دیئے جانے کا امکان ہے۔

مگر یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ ماضی کی یادیں لوگوں میں اس نئے فولڈایبل فون کے لیے دلچسپی کو بڑھانے میں کام آیں گی۔ مگر اس بار اوریجنل ریزر کی چھوٹی اسکرین اور کی پیڈ کی بجائے اس میں ڈوئل ڈسپلے ڈیزائن دیا جائے گا۔

اس میں پہلا ڈسپلے بڑا ہوگا جو اس وقت فولڈ ہوگا جب فون کو بند کیا جائے گا جبکہ دوسری اسکرین فرنٹ پر باہر کی جانب ہوگی جس میں نوٹیفکیشنز اور چند دیگر فیچرز موجود ہوں گے۔ یہ فون مکمل اوپن ہونے پر 6.2 انچ کا ہوجائے گا جس کے لیے او ایل ای ڈی پینل دیا جائے گا۔

اس فون میں ممکنہ طور پر کوالکوم اسنیپ ڈراگون 710 پراسیسر، 4 سے 6 جی بی ریم اور 64 سے 128 جی بی اسٹوریج دیئے جانے کا امکان ہے۔ وال اسٹریٹ جرنل نے فروری میں اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ اس فون کی قیمت 15 سو ڈالرز تک ہوسکتی ہے جو کہ گلیکسی فولڈ سے 500 ڈالرز جبکہ ہواوے کے فولڈ ایبل فون سے ایک ہزار ڈالرز سستا ہوگا۔

موٹرولا کے گلوبل پراڈکٹ ڈویڑن کے نائب صدر نے فروری میں فولڈ ایبل فون کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ موٹرولا کا فولڈ ایبل فون سام سنگ اور ہواوے کی ڈیوائسز سے کچھ مختلف ہوگا۔

Related Articles

Back to top button