ٹیکنالوجی کی خبریں

فیس بُک نے کس طرح ایک بہت بڑی ڈکیتی ناکام بنادی؟ حیرت انگیز خبر جانئے

لاہور میں صبا نامی خاتون نے فیس بک کی مدد سے گھر میں داخل ہونے والے دو ڈاکوؤں کو پولیس کے ہاتھوں گرفتار کروادیا۔

لاہور کے علاقے تھانہ فیصل ٹاؤن کی حدود میں واقع گھر میں دو ڈاکو لوٹ مار کی نیت سے داخل ہوئے۔

گھر میں موجود صبا نامی خاتون بالائی منزل پر موجود تھیں تو اسی دوران انہوں نے اہل خانہ کی ڈاکوؤں سے مزاحمت کی آوازیں سُنیں۔ خاتون نے اپنے کمرے کا دروازہ بند کر کے فیس بک پر اسٹیٹس شیئر کیا کہ ’میرے گھر میں ڈاکو داخل ہوگئے ہیں‘۔

صبا کے دوستوں اور دیگر عزیز و اقارب نے پوسٹ پڑھ کر پولیس کو بذریعہ ہیلپ لائن واقعے سے متعلق آگاہ کیا جس کے بعد تھانہ فیصل ٹاؤن کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور مکان کو گھیرے میں لے لیا اور آدھے گھنٹے مذاکرات کے بعد دونوں ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا۔

صبا کا کہنا ہے کہ’میں نے آوازیں سننے کے بعد اپنے کمرے کا دروازہ بند کیا اور فوراً فیس بک پر اپنے ساتھ پیش آنے والا واقعہ شیئر کیا، کیونکہ میرے دماغ میں پولیس ہیلپ لائن 15 پر کال کرنے کا بلکل ذہن میں نہیں آیا ‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’وہ میرے کمرے کا دروازہ بھی بجا رہے تھے مگر میں نے نہیں کھولا، میرے ذہن میں بس یہی تھا کہ کسی طرح اپنے گھروں والوں کو ان ڈاکوؤں سے محفوظ رکھ سکوں‘۔

خاتون نے بتایا کہ ’جب اسٹیٹس شیئر کیا تو بہن اور دوستوں سے پڑھ کر پولیس کو 15 پر اطلاع دی، تھوڑی دیر بعد تھانہ فیصل ٹاؤن سے کال موصول ہوئی، بعد ازاں بھاری تعداد میں پولیس کی نفری پہنچی او راُس نے ہمارے گھر کو گھیرے میں لیا‘۔

ایس پی فیصل ٹاؤن کے مطابق ’ ہمیں 15 پر واقعے سے متعلق کال موصول ہوئی، اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور ڈکیتی کی واردات کو ناکام بناتے ہوئے دو ڈاکوؤں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا‘۔

انہوں نے بتایا کہ’ہیلپ لائن 15 پر اطلاع موصول ہوئی تھی کہ ایک گھر میں دو ڈاکوں داخل ہوئے ہیں اور وہ اہل خانہ سے لوٹ مار کررہے ہیں، ایس ایچ او فیصل ٹاؤن نے فوری طور پر ایکشن لیا اور نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے‘۔

ایس پی فیصل ٹاؤن کے مطابق ایس ایچ او نے مکان کو گھیرے میں لینے کے بعد ڈاکوؤں سے مذاکرات کیے، آدھے گھنٹے کی بات چیت کے بعد ڈاکو گرفتاری دینے پر رضا مند ہوئے‘۔

Related Articles

Back to top button