رپورٹ کے مطابق اب واٹس ایپ گروپ میں ارکان کی تعداد 1,024 سے بڑھا کر 1,500 کردی گئی ہے، جس سے بڑے گروپس چلانے والے ایڈمنز کو مزید افراد شامل کرنے کی سہولت میسر ہوگی۔
ٹیکنالوجی سے متعلق ویب سائٹ ’ڈبلیو اے بیٹا انفو‘ کے مطابق اس نئی تبدیلی کے بعد گروپ ایڈمنز کو زیادہ افراد کو شامل کرنے کے لیے متعدد الگ چیٹس بنانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
یہ سہولت صرف عام گروپس تک محدود نہیں بلکہ کمیونٹی گروپ چیٹس میں بھی ارکان کی تعداد کی نئی حد لاگو ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق یہ اپ ڈیٹ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے مرحلہ وار جاری کی جارہی ہے، اس لیے ممکن ہے کہ بعض صارفین کو فی الحال پرانی حد یعنی 1,024 ارکان ہی شامل کرنے کی سہولت دستیاب ہو۔
واٹس ایپ کے گروپس میں مزید نئے فیچرز بھی شامل کیے گئے ہیں۔
ارکان کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ واٹس ایپ کی جانب سے گروپ چیٹس کے لیے متعارف کرائے جانے والے دیگر نئے فیچرز کے بعد سامنے آیا ہے۔
ان سہولتوں میں گروپ کے تمام ارکان کو ایک ساتھ ٹیگ کرنے کے لیے ’@all‘ کا آپشن، پولز کے لیے آخری تاریخ مقرر کرنے اور پہلے سے موجود چیٹ کی مدد سے نیا گروپ بنانے کا فیچر شامل ہے۔
اس کے علاوہ واٹس ایپ نے گروپ اسٹیٹس اور پیغامات کو غیر معینہ مدت تک پن کرنے کی سہولت بھی فراہم کی ہے۔ نئے فلٹرز کی مدد سے صارفین اب گروپ میں اپنے مینشنز اور براہ راست جوابات بھی آسانی سے تلاش کرسکتے ہیں۔
نئے ارکان کو پرانے پیغامات دیکھنے کی سہولت بھی شامل کیے گئے ہیں۔
واٹس ایپ کی ایک اور نئی سہولت کے تحت گروپ ایڈمنز نئے شامل ہونے والے ارکان کے ساتھ پہلے سے موجود پیغامات بھی شیئر کرسکتے ہیں۔
اس فیچر کے ذریعے نئے ممبرز گروپ میں شمولیت سے پہلے ہونے والی گفتگو سے بھی آگاہ ہوسکیں گے، جبکہ اس سے قبل نئے ارکان کو صرف گروپ میں شامل ہونے کے بعد بھیجے گئے پیغامات تک رسائی حاصل ہوتی تھی۔
واٹس ایپ کے ان نئے فیچرز کا مقصد گروپ چیٹس کو زیادہ آسان اور مؤثر بنانا ہے، جبکہ ارکان کی تعداد میں اضافے سے بڑی کمیونٹیز کے لیے ایک ہی گروپ میں زیادہ افراد سے رابطہ رکھنا ممکن ہوگا۔