ٹیکنالوجی کی خبریں

آن لائن رائیڈ کریم کا 18 جولائی سے سفری سروس بند کا بڑا اعلان

آن لائن رائیڈ کی سہولیات فراہم کرنے والی کمپنی ’کریم‘ نے آئندہ ماہ 18 جولائی سے پاکستان میں اپنی سفری سہولیات ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق کریم کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) نے اپنی لنکڈن پوسٹ میں پاکستان میں سفری سہولیات بند کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے پاکستان میں کریم کی سروس بند کرنے کے فیصلے کو مشکل ترین قرار دیا، ساتھ ہی بتایا کہ ملک کے خراب معاشی حالات کی وجہ سے ایسا کرنا پڑا۔

کمپنی کے سی ای او نے کریم کو پاکستان میں مشکلات کا اعتراف بھی کیا اور بتایا کہ آئندہ ماہ 18 جولائی سے کریم ٹیکسی کی آن لائن سروسز دستیاب نہیں ہوں گی۔ علاوہ ازیں کریم نے اپنے صارفین کو ای میل کے ذریعے بھی 18 جولائی سے سروس دستیاب نہ ہونے سے آگاہ کیا اور یہ بھی بتایا کہ وہ اپنے بقایا جات کیسے لے سکیں گے؟

آن لائن ٹیکسی سروسز بند کیے جانے کے باوجود کریم کے کیئر سینٹرز ستمبر 2025 تک فعال رہیں گے، تاکہ کسٹمرز اور رائیڈرز اپنے مسائل اور معاملات حل کر سکیں۔ کمپنی کے مطابق آئندہ دنوں میں کریم صارفین کو ان کے والٹ میں موجود بقایا رقم کو استعمال کرنے یا واپس لینے سے متعلق معلومات فراہم کردی جائیں گیں۔

’کریم‘ کو چند سال قبل امریکی آن لائن رائیڈ فراہم کرنے والی کمپنی ’اوبر‘ نے خرید لیا تھا۔ دونوں کمپنیوں کے ایک ہوجانے کے بعد اوبر نے پاکستان میں اپنی سروسز بند کردی تھیں، اوبر نے 2022 میں پاکستان میں تمام سروسز بند کردی تھیں۔

اوبر کے بعد اب کریم نے بھی اپنی سروسز بند کرنے کا اعلان کردیا، جس کے بعد دوسری رائیڈ کمپنیوں جیسا کہ ’یانگو، ان ڈرائیو اور بائیکیا‘ کی سروسز استعمال کرنے میں مزید اضافہ ہوگا۔

کریم کو پاکستان میں 2015 میں متعارف کرایا گیا تھا اور کمپنی نے ایک دہائی بعد اپنی سروسز پاکستان میں بند کرنے کا اعلان کیا۔ پاکستان میں آخری تین سال کے اندر نئی رائیڈ سروسز کمپنیوں ’یانگو اور ان ڈرائیو‘ کی مقبولیت میں اضافہ دیکھا گیا جب کہ مقامی کمپنی ’بائیکیا‘ بھی اپنی نمایاں جگہ بنانے میں کامیاب گئی ہے۔

Related Articles

Back to top button