ٹیکنالوجی کی خبریں

بٹ کوائن ایکسپرٹ مائیکل سیلر پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کے مشیر مقرر

پاکستان نے ڈیجیٹل معیشت کو مستحکم بنانے اور کرپٹو اثاثوں کے میدان میں عالمی سطح پر خود کو منوانے کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے بٹ کوائن کے عالمی ماہر اور امریکی ارب پتی مائیکل سیلر کو بطور مشیر شامل کرلیا ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق امریکی ارب پتی اور کرپٹو کرنسی کے تاجر مائیکل سیلر نے پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کی ترقی اور بلاک چین اپنانے کے لیے انفرااسٹرکچر بنانے کے اقدامات کو سراہا ہے۔

وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق مائیکل سیلر، جن کی کمپنی ’اسٹریٹجی‘ بٹ کوائن رکھنے والی سب سے بڑی کارپوریٹ کمپنی ہے، انہوں نے وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں وزیرِ مملکت برائے کرپٹو اور بلاک چین بلال بن ثاقب بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں اس بات پر غور کیا گیا کہ بٹ کوائن کس طرح خودمختار ذخائر، مالی استحکام اور پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کی تبدیلی میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان عالمی جنوبی ممالک میں ڈیجیٹل اثاثوں کی ترقی اور اپنانے میں قیادت کا خواہاں ہے اور ڈیجیٹل جدت طرازی کے لیے ایک معیار قائم کرنا چاہتا ہے۔

بلال بن ثاقب نے اجلاس کو ڈیجیٹل معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا اور مائیکل سیلر کی بطور مشیر شمولیت کو خوش آئند قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ مائیکل سیلر کی دور اندیشی اور قیادت نے دنیا کو بٹ کوائن کو ایک خودمختار معیار کے اثاثے کے طور پر دیکھنے کا نیا زاویہ دیا ہے۔

مائیکل سیلر نے پاکستان کے عالمی ڈیجیٹل معیشت میں مستقبل کی سوچ رکھنے والے جدت پسند مؤقف کو سراہا اور ترقیاتی اقدامات پر مشاورت کا موقع ملنے پر خوشی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ بٹ کوائن طویل المدتی قومی استحکام کے لیے سب سے مضبوط اثاثہ ہے اور مزید کہا کہ پاکستان جیسے ابھرتے ہوئے ممالک کے پاس مالیاتی مستقبل میں اپنی جگہ بنانے کا ایک نایاب موقع ہے۔

پریس ریلیز کے مطابق وزیرِ خزانہ کی قیادت میں ہونے والا یہ اسٹریٹجک مکالمہ پاکستان کی اُن کوششوں کا حصہ ہے۔

جن کا مقصد ڈیجیٹل اثاثوں سے متعلق ایک مضبوط پالیسی فریم ورک تیار کرنا، عالمی ادارہ جاتی سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور ملک کو ویب 3 اور بٹ کوائن کے لیے تیار ابھرتی ہوئی مارکیٹ کے طور پر پیش کرنا ہے۔

Related Articles

Back to top button