کھیلوں کی خبریں

سعودی عرب میں کرسٹیانو رونالڈوکے قیام کا تجربہ کیسا رہا؟

کرسٹیانو رونالڈو نے بتایا کہ وہ سعودی عرب میں خوش ہیں اور توقع کرتے ہیں کہ فٹبال کے دیگر بڑے نام بھی اگلے سیزن میں ان کے ساتھ ہوں گے۔

خیال رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو نے النصر کے ساتھ ڈھائی سال تک کھیلنے کا معاہدہ کیا ہے اور جنوری میں انہوں نے اس کلب میں شمولیت اختیار کی تھی۔

پہلے سیزن میں 16 میچز کے دوران انہوں نے 14 گول کیے مگر سعودی پرو لیگ (ایس پی ایل) میں ان کی ٹیم دوسرے نمبر پر رہی۔ 38 سالہ فٹبالر انجری کے باعث کلب کے آخری میچ کا حصہ نہیں بن سکے تھے۔

انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ سعودی لیگ میں شامل ٹیمیں بہت اچھی ہیں اور عرب کھلاڑی بھی زبردست ہیں مگر انفرا اسٹرکچر کو کچھ بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘مگر میں یہاں خوش ہوں اور کھیلنے کا سلسلہ جاری رکھوں گا’۔

کرسٹیانو رونالڈو کے مطابق انہوں نے النصر کلب کی زندگی کو اپنا لیا ہے، البتہ یہاں انہیں یورپ کے مقابلے میں کچھ مختلف تجربات کا سامنا ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ ‘یورپ میں ہم صبح کے وقت ٹریننگ کرتے تھے مگر یہاں دوپہر یا رات کو ٹریننگ کرتے ہیں، رمضان میں تو رات 10 بجے ٹریننگ کرتے تھے تو یہ کچھ عجیب لگتا ہے’۔

لیونل میسی سمیت دیگر بڑے فٹبالرز کی آمد کی افواہوں کے حوالے سے کرسٹیانو رونالڈو نے کہا کہ اگر بڑے نام آتے ہیں تو ان کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا ہوتا ہے تو لیگ مزید کچھ بہتر ہو جائے گی۔

Related Articles

Back to top button