کھیلوں کی خبریں

بابراعظم کا زخمی کیوی کپتان کیلئے نیک خواہشات کا پیغام

انجری کے باعث رواں سال ون ڈے ورلڈ کپ سے باہر ہونے والے کیوی کپتان کین ولیمسن کے نام قومی کپتان بابر اعظم نے نیک خواہشات کا پیغام دیا ہے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے دورہ پاکستان پر آئی پی ایل کو فوقیت دی تاہم انہیں یہ فیصلہ راس نہ آیا اور وہ زخمی ہوکر مہینوں کے لیے کرکٹ سے دور اور ورلڈ کپ سے بھی باہر ہوگئے ہیں۔ اس موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ان کے لیے نیک خواہشات کا پیغام جاری کیا ہے۔

بابر اعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کین ولیمسن سے گلے ملنے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے پیغام لکھا کہ دعا ہے کہ آپ جلد صحتیاب ہوں۔ آپ مضبوط ہوکر واپس آئیں گے۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے ریگولر کپتان کین ولیمسن نے آئی پی ایل کے باعث رواں ماہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کے لیے دورہ پاکستان سے معذرت کر لی تھی اور انڈین پریمیئر لیگ کھیلنے پڑوسی ملک بھارت چلے گئے تھے تاہم انہیں یہ فیصلہ راس نہیں آیا۔

کین ولیمسن آئی پی ایل کے پہلے میچ میں ہی اپنا گھٹنا تڑوا بیٹھے۔ وہ بیساکھیوں کے سہارے وطن واپس پہنچے جہاں ان کا معائنہ ہوا تو معلوم ہوا کہ انجری اتنی شدید ہے کہ ان کی سرجری کرنی پڑے گی اور انہیں کھیل کے میدان میں واپس آنے کے لیے 6 سے 9 ماہ درکار ہوں گے جس کے باعث وہ نہ صرف پورے آئی پی ایل بلکہ چند ماہ بعد ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ سے بھی باہر ہوگئے۔

Related Articles

Back to top button