کھیلوں کی خبریں

کراچی کنگز کے ہاتھوں ملتان سلطانز کو 66 رنز سے شکست

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 14 ویں میچ میں 168 رنز ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کو کراچی کنگز کے ہاتھوں 66 رنز کے بڑے مارجن سے شکست ہوگئی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

کراچی کنگز نے سلطانز کو فتح کے لیے 168 رنز کا ہدف دیا۔ ہدف کے جواب میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان اور اوپنر شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا۔ شان مسعود 25 رنز بنا کر عاکف جاوید کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ شعیب ملک نے رائلی روسو کو 7 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی۔

محمد رضوان کے ساتھ دینے کے لیے آنے والے ڈیوڈ ملر بھی اچھی اننگز فراہم نہ کر سکے اور 7 رنز بنا کر تبریز شمسی کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔ ملتان کی طرف سے محمد رضوان 29 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ملتان کی ٹیم 168 رنز کے تعاقب میں 101 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔

کراچی کنگز کی طرف سے تبریز شمسی اور شعیب ملک نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

کراچی کنگز نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنر جیمز ونس 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد میتھیو ویڈ اور طیب طاہر نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 109 رنز جوڑے۔

طیب طاہر نے ڈیبیو میں نصف سنچری بنائی اور 65 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد میتھیو ویڈ نے شعیب ملک کے ساتھ اسکور آگے بڑھانے کی کوشش کی لیکن میتھیو ویڈ 46 رنز بنا کر احسان اللہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

کپتان عماد وسیم 14 رنز اور شعیب ملک 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

قبل ازیں ٹاس کے موقع پر رضوان کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی میچ میں کامیابی سمیٹ کر پوائٹس ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن مستحکم کریں جب کہ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا تھا کہ میچ میں فتح حاصل کرنا چاہتے ہیں، یہ ہوم گراؤنڈ پر ہمارا آخری میچ ہے کوشش ہوگی اچھی پرفارمنس دیں۔

Related Articles

Back to top button