کھیلوں کی خبریں

کرکٹ شائقین کیلئے خوشخبری، سری لنکا کے بعد ایک اور ٹیم دورہ پاکستان کیلئے راضی

سری لنکا کے بعد دنیائے کرکٹ کی ایک اور ٹیم دورہ پاکستان کیلئے راضی ہوگئی، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اپنی خواتین اور انڈر 16 کی ٹیمیں پاکستان بھیجنے کیلئے راضی ہوگیا، بنگلہ دیش کی سینئر ٹیم کے دورہ پاکستان پر بھی غور جاری ہے۔

 بین الاقوامی کرکٹ بھرپور انداز میں پاکستان واپس آنے لگی ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پاکستان میں ہی سیریز کے انعقاد کا خواہاں ہے۔ اس حوالے سے بنگلہ دیش اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اپنی خواتین اور انڈر 16 کی ٹیمیں پاکستان بھیجنے کیلئے راضی ہوگیا ہے۔

دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کے درمیان میچز کی تعداد اور وینیوز کے حوالے سے بات چیت جاری ہے، معاملات جلد طے ہو جانے کے بعد دورے کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔ جبکہ بنگلہ دیش کی خواتین اور انڈر 16 ٹیم کے دورے کی کامیابی کی صورت میں بنگلہ دیش اپنی سینئر کرکٹ ٹیم بھی پاکستان بھیجے گا۔ ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ پاکستان کے ساتھ پاکستان میں ہی مکمل سیریز کھیلنے کیلئے راضی ہو سکتا ہے۔

جبکہ واضح رہے کہ دوسری جانب سری لنکا بھی پاکستان میں آ کر ٹیسٹ میچ کھیلنے کیلئے راضی ہو چکا ہے۔ قوی امکان ہے کہ سری لنکا پاکستان کے ساتھ ستمبر میں شیڈول ٹیسٹ میچ لاہور میں کھیلے گا۔

اگر پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ستمبر میں شیڈول ٹیسٹ سیریز کا ایک میچ لاہور میں کھیلا گیا، تو اس سے 10 سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہوگی۔ پاکستان نے اپنی سرزمین پر آخری ٹیسٹ میچ سری لنکا کے خلاف ہی کراچی میں کھیلا تھا۔ جبکہ لاہور میں شیڈول ٹیسٹ میچ کے دوران سری لنکن ٹیم پر حملہ ہوا تھا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز منسوخ کر دی گئی تھی، اور پاکستان سے بین الاقوامی کرکٹ برسوں کیلئے روٹھ گئی تھی۔

Related Articles

Back to top button