ورلڈ کپ: سابق بلے باز محمد یوسف نے شعیب ملک کو لیا آڑے ہاتھوں


تفصیلات کے مطابق محمد یوسف نے کہا کہ شعیب ملک کو ٹیم میں ہی نہیں ہونا چاہئے تھا اور ہم گزشتہ دو سال سے یہ کہہ رہے ہیں کہ اسے ٹیم میں رکھنا ہی زیادتی تھی اور پاکستان کیساتھ یہ زیادتی سلیکشن کمیٹی، کوچنگ سٹاف اور کپتان نے کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ زیادہ افسوس اس بات کا ہے کہ ہمارے بہت بڑے کھلاڑی انضمام الحق، جو کرکٹ کی سمجھ بوجھ رکھتے ہیں، نے شعیب ملک کو ٹیم میں رکھا جو کہ بالکل ہی سمجھ سے باہر ہے۔ ایک ایسا کھلاڑی جو 20 سال سے کرکٹ کھیل رہا ہے اور انگلینڈ میں اس کی اوسط ہی 13 ہے، اسے کیوں ٹیم میں شامل کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر شعیب ملک کو فیئرویل دیا گیا تو اس کا مطلب ہے کہ بنگلہ دیش کیخلاف میچ کی کوئی اہمیت ہی نہیں ہے حالانکہ یہ ایک ورلڈکپ کا میچ ہے اور بنگلہ دیش اچھی کرکٹ کھیلتی آ رہی ہے، شعیب ملک کو فیئرویل دینے کا مطلب ہے کہ آپ میچ جیتنے کی کوشش ہی نہیں کر رہے اور ہمت ہار بیٹھے ہیں۔