کھیلوں کی خبریں

پاکستان کیلئے اہم خوشخبری، زمبابوے کرکٹ بورڈ نے آئندہ ماہ دورہ کی تصدیق کردی

زمبابوے کے کرکٹ بورڈ کے چیئرمین توینگوا مکوہلانی نے کہا ہے کہ آئندہ ماہ زمبابوے کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔

زمبابوے کی ٹیم کو 20اکتوبر سے پاکستان کا دورہ کرنا ہے لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے ان کے دورہ غیریقینی صورتحال سے دوچار تھا البتہ اب چیئرمین کے بیان کے بعد اب دورے کی امید روشن ہو چکی ہے۔

اس سیریز کے ساتھ ہی ملتان 12 سال بعد انٹرنیشنل میچ کی میزبانی کرے گا۔

مشہور ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق توینگوا مکوہلانی نے امید ظاہر کی کہ ٹیم کو دورہ پاکستان کی منظوری مل جائے گی اور جلد اس حوالے سے اعلان کردیا جائے گا۔

یہ سیریز بائیو سیکیور ماحول میں کھیلی جائے گی البتہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سیریز کے لیے انتظامات کیے جانے باقی ہیں اور انہیں بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا۔

زمبابوے کی ٹیم پاکستان آنے کے بعد سیریز سے قبل قرنطینہ میں رہے گی اور یہ مدت تین دن سے ایک ہفتے پر محیط ہو گا اور سیریز کے انتظامات کے سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ انگلش بورڈ حکام اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے رابطے میں ہے۔

کورونا وائرس کے بعد انگلینڈ دنیا کا پہلا ملک تھا جس نے بین الاقوامی سیریز کا انعقاد کیا اور اب تک انگلش ٹیم ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے ساتھ ساتھ آسٹریلیا کی میزبانی کر چکی ہے۔

انگلینڈ میں پاکستانی ٹیم کے قیام کے دوران پی سی بی کو اس حوالے سے تھوڑا تجربہ حاصل ہوا اور اسی کو دیکھتے ہوئے پروٹوکولز بنائے جا رہے ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے کمی کی بدولت پاکستان کرکٹ بورڈ نے 6ماہ کے بعد اگست میں کرکٹ کی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

پاکستان میں ڈومیسٹک سیزن کا رواں ماہ سے آغاز ہو رہا ہے اور راولپنڈی اور ملتان میں زمبابوے سے سیریز سے قبل ان دونوں مقامات پر ٹی20 کپ منعقد ہو گا۔

زمبابوے دمیا کے ان چند ملکوں میں سے ایک ہے جہاں کورونا وائرس کے کیسز زیادہ بڑی تعداد میں رپورٹ نہیں ہوئے اور اب تک وہاں 8ہزار سے کم کیسز رپورت ہوئے جن میں سے 224 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

ملتان نے آخری مرتبہ 2008 میں بین الاقوامی میچ کی میزبانی کی تھی اور یہ راولپنڈی کے ہمراہ زمبابوے کے خلاف تین ون ڈے اور اتنے ہی ٹی20 میچوں کی میزبانی کرے گا۔

Related Articles

Back to top button