کھیلوں کی خبریں

پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا: آسٹریلین باﺅلرز نے دھواں دار باؤلنگ سے پاکستانی شاہینوں کو پچھاڑ دیا

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں آسٹریلین باﺅلرز نے پاکستانی بیٹنگ لائن کیلئے شدید مشکلات کھڑی کر دی ہیں۔

آسٹریلین کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور یہ فیصلہ بظاہر درست ثابت ہوا کیونکہ تیسرے ہی اوور میں مچل سٹارک نے کپتان بابراعظم کو 6 کے انفرادی سکور پر پویلین بھیج دیا۔ اگلی ہی گیند پر محمد رضوان بھی ان کا شکار ہو گئے اور کوئی اسکور بنائے بغیر ہی چلتے بنے۔ سین ایبٹ نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوتے ہوئے امام الحق کی وکٹ اڑا دی جو صرف 14 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔

قبل ازیں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، میچ کیلئے قومی ٹیم کی قیادت بابراعظم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں امام الحق، محمد رضوان، حارث سہیل، افتخار احمد، خوشدل شاہ، عماد وسیم، شاداب خان، محمد عامر، محمد حسنین اور محمد موسیٰ شامل ہیں۔

آسٹریلین ٹیم کی قیادت ایرون فنچ کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ڈیوڈ وارنر، سٹیو سمتھ، بین میکڈرموٹ، ایشٹن ٹرنر، ایلکس کیری، ایشٹن اگر، سین ایبٹ، مچل سٹارک، کین رچرڈسن اور بلی سٹین لیک شامل ہیں۔

یاد رہے کہ تین میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا جبکہ دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر رکھی ہے اور وائٹ واش سے بچنے کیلئے قومی ٹیم کیلئے آج کا میچ جیتنا ضروری ہے۔

Related Articles

Back to top button