پاکستان سپر لیگ 9 کے میچ آفیشلز کا اعلان کر دیا
اس حوالے سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ 14 سے 18 مارچ تک کراچی میں ہونے والے کوالیفائر، دو ایلیمنیٹرز اور فائنل کےلیے میچ آفیشلز کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔
آئی سی سی کے ایلیٹ پینل آف امپائرز کے چار ارکان رچرڈ النگورتھ، کرس گیفینی، احسن رضا اور مائیکل گف کے ساتھ علیم ڈار، طارق رشید، شوزیب رضا، راشد ریاض، فیصل آفریدی، روچیرا پالیاگوروگے، آصف یعقوب، الیکس وارف، عبدالمقیت، محمد آصف، ناصر حسین اور عمران جاوید شامل ہیں۔
غیر ملکی امپائرز میں سے النگورتھ اس سے قبل لیگ کے 6 ایڈیشنز میں امپائر رہ چکے ہیں، وہ اب تک پی ایس ایل کے 48 میچز میں امپائرنگ کرچکے ہیں۔
انگلینڈ کے گف اس سے قبل چار ایڈیشنز کے 34 میچوں میں امپائرنگ کرچکے ہیں۔ وارف 11 میچز اور سری لنکا کے پالیا گوروگے تین میچز میں امپائرنگ کرچکے ہیں۔
نیوزی لینڈ کے گیفینی 18 فروری کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان لیگ میں اپنا پہلا میچ سپروائز کریں گے۔
روشن ماہناما جنہوں نے لیگ کے 97 میچوں میں میچ ریفری کے فرائض انجام دیے ہیں وہ آئی سی سی کے ایلیٹ پینل آف میچ ریفریز کے سابق رکن بھی ہیں اپنے مسلسل نویں سال میں پی ایس ایل میں ہوں گے اور تین میچ ریفریوں کی ٹیم کی قیادت کریں گے جن کے دیگر اراکین علی نقوی اور محمد جاوید ہیں۔
لاہور میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ہونے والے افتتاحی میچ میں تجربہ کار امپائر علیم ڈار اور مائیکل گف امپائرنگ کریں گے۔
طارق رشید ٹی وی امپائر ہوں گے جبکہ شوزیب رضا ریزرو امپائر کے فرائض انجام دیں گے۔ میچ ریفری کے فرائض محمد جاوید سرانجام دیں گے۔