عمر رسیدہ خاتون کے ساتھ پولیس افسر نے کیوں اور کیسے ’بدتمیزی‘ کی؟ دیکھیں اس ویڈیو میں

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گِل نے بتایا کہ لاہور پولیس کے اے ایس آئی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر ویڈیو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ’لاہور پولیس کو اے ایس آئی کے خلاف فوری ایکشن لینے کی ہدایت‘ کردی۔
واضح رہے کہ صحافی تُرہب اصغر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں اے ایس آئی کو عمر رسیدہ خاتون پر چیختے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور اے ایس آئی نے خاتون کی لاٹھی بھی پھینک دی تھی۔
ترہب اصغر نے بتایا کہ مذکورہ ویڈیو لاہور میں سٹی پولیس افسر کے باہر بنائی گئی۔
وزیراعلی آفس نے لاہور پولیس کو اس اہلکار کے خلاف فوری کاروئی کرنے کی ہدایت کی ہے. ایسے رویے کسی صورت برادشت نہیں کیے جائیں گے. https://t.co/hBZISlShIz
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) September 5, 2019
وزیر اعلیٰ کے ترجمان نے کہا کہ ’ایسا رویہ کسی بھی صورت ناقابل برداشت ہے‘۔
ویڈیو پوسٹ ہونے کے دو گھنٹے بعد شہباز گِل نے اعلان کیا کہ بزرگ خاتون سے بدتمیزی اور بداخلاقی کے ساتھ پیش آنے پر اے ایس آئی کو معطل کرکے گرفتار کرلیا گیا۔
واضح رہے کہ پنجاب پولیس مشتبہ افراد پر ’تشدد‘ اور ان کے ساتھ تفتیش کے لیے غیرقانونی طریقہ کار اپنانے پر چند ماہ سے شہ سرخوں کی زینت بنی ہوئی ہے۔
گزشتہ ہفتے پولیس کے مبینہ تشدد سے لاہور میں 2 اور رحیم یار خان میں ایک شخص ہلاک ہوگیا تھا۔
گزشتہ ہفتے ہی محکمہ انسداد کرپشن کے افسران نے لاہور میں ٹارچر سیل دریافت کیا تھا جو گجر پورہ پولیس اسٹیشن کے ہاؤس افسر (ایس ایچ او) اور 3 کانسٹیبل کے زیر استعمال تھا اور وہ تفتیش کے لیے مشتبہ افراد کو ٹارچر سیل لاتے تھے۔