پاکستانی خبریں

امید ہے کہ پاکستان اور سری لنکا معاشی مشکلات سے نکل آئیں گے: وزیراعظم کی سری لنکا کے صدر سے گفتگو

وزیراعظم شہباز شریف نے سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے کو ٹیلی فون کیا اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاہدے میں حمایت اور مدد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امید ہےکہ پاکستان اور سری لنکا موجودہ معاشی مشکلات کے بھنور سے نکل آئیں گے۔

صدر سری لنکا سےگفتگو میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آپ نے پاکستان کے دوست اور خیرخواہ کا کردار ادا کیا، پاکستانی عوام کی طرف سے آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، پاکستان اور سری لنکا قریبی بااعتماد دوست ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ علاقائی ترقی اور امن کے لیے سری لنکا کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، امید ہےکہ پاکستان اور سری لنکا موجودہ معاشی مشکلات کے بھنور سے نکل آئیں گے۔

اس موقع پر سری لنکن صدر نے وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے نیک تمناؤں پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ پاکستان ہمارا قریبی دوست ہے، دوستوں کی مدد کرنا ہی دوستی ہے۔

سری لنکا کے صدر نے وزیراعظم شہباز شریف کی مشکل حالات میں کاوشوں کو سراہا اور آئی ایم ایف سے معاہدہ طے پانے پر وزیراعظم شہبازشریف کو مبارک باد دی۔

خیال رہے کہ شہباز شریف کی ایم ڈی آئی ایم ایف سے ملاقات پر صدر سری لنکا نے پاکستان کی مدد پر زور دیا تھا۔

سری لنکا کے صدر نے ایم ڈی آئی ایم ایف سے کہا تھا کہ ڈیفالٹ کی وجہ سے سری لنکا کو شدید مصائب کا شکار ہونا پڑا، پاکستان کو اس صورتحال سے بچایا جائے۔

Related Articles

Back to top button