پاکستانی خبریں

کراچی کو اس وقت شہباز اسپیڈ کی ضرورت ہے، یہ شہر ملکی معیشت کا حب ہے: بلاول بھٹو

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے استفسار کیا ہے کہ 9 مئی کی سازش نائن زیرو یا بلاول ہاأس میں ہوتی تو ردعمل کیا ہوتا؟ بلاول بھٹو نے کہا کراچی کو اس وقت شہباز اسپیڈ کی ضرورت ہے، کراچی ملکی معیشت کا حب ہے، کراچی پر توجہ دے کر آئی ایم ایف سے نجات مل سکتی…

انہوں نے شہر قائد میں کے فور منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا زمان پارک پولیس جاتی ہے تو پیٹرول بموں سے حملہ کیا جاتا ہے، ہم نہیں چاہتے ہمارا دشمن بھی ایسے دن دیکھے۔

بلاول بھٹو نے کہا کراچی کو اس وقت شہباز اسپیڈ کی ضرورت ہے، کراچی ملکی معیشت کا حب ہے، کراچی پر توجہ دے کر آئی ایم ایف سے نجات مل سکتی ہے۔

انہوں نے شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ایسے وزیراعظم ملا ہے جو ہماری حکومت پر توجہ دے رہے ہیں، پورے ملک کے عوام کو وزیراعظم سے بہت سی امیدیں ہیں، سندھ کی 2 بڑی جماعتوں کی وزیراعظم کو حمایت حاصل ہے، ہم سب مل کرپورے ملک کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں۔

چیئرمین پی پی نے کہا ہم سب کو مل کر ملک کو بحرانوں سے نکالنا ہے، گزشتہ سال پاکستان کو شدید سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، ملک کا وزیرخارجہ ہو کر بھی ٹینکر کا پانی خریدتا ہوں، سیلاب سے جتنا نقصان ہوا ہے اس کا کسی کو اندازہ ہی نہیں ہے۔

بلاول بھٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہا جناح ہاوس پر حملہ کر کے قائد اعظم کے تحفے کو جلا دیا، شہدا کی یادگاروں پر حملہ کیا گیا، ہم ان کے خلاف کیسز لے کر نہیں آئے، ہمیں ریاست کی رٹ کو قائم رکھنا ہے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا وزیراعظم کی کارکردگی کی وجہ سے ایک سال میں زمین آسمان کا فرق آچکا ہے، جب قائم علی شاہ وزیراعلی تھے تو دو بار کے فور پر بریفنگ دی گئی، بلوچستان اور سندھ کے عوام کے لیے ڈی سیلینیشن کا نظام لانا ہو گا۔

Related Articles

Back to top button