سوڈان میں سیکیورٹی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہیں: دفتر خارجہ

دفتر خارجہ کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانیوں کی حفاظت کویقینی بنانے کے لیے ہمارا مشن سوڈانی حکام کیساتھ رابطے میں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سوڈان میں پیراملٹری فورسز اور فوج کے درمیان کشیدگی، خرطوم میں فائرنگ و دھماکے
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم سوڈان میں سیکیورٹی کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
We are closely monitoring the security situation in #Sudan. There are around a thousand Pakistanis in #Khartoum. Our Mission is in contact with them to ensure their safety.
— Spokesperson ?? MoFA (@ForeignOfficePk) April 15, 2023
انہوں نے کہا کہ خرطوم میں ایک ہزار کے قریب پاکستانی ہیں پاکستانیوں کی حفاظت کویقینی بنانے کے لیے ہمارا مشن ان کے ساتھ رابطےمیں ہے۔
واضح رہے سوڈان میں فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے درمیان جھڑپوں کے باعث دارالحکومت خرطوم دھماکوں سے گونج اٹھا ہے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں شدید فائرنگ اور دھماکے سنے گئے، فائرنگ خرطوم میں سوڈانی آرمی ہیڈکوارٹرز اور وزارت دفاع کے آفس کے قریب ہوئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خرطوم میں سوڈان کے صدارتی محل کے قریب بھی فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں اور خرطوم ائیرپورٹ سے دھواں بھی اٹھتا دکھائی دیا۔ اس کے علاوہ سوڈان کے شہروں مروی اور بحری میں بھی فائرنگ کی آوازیں سنائی دی ہیں۔
سوڈان کی پیرا ملٹری ریپڈ سپورٹ فورسز کا کہنا ہے کہ ہمارے ایک کیمپ پر سوڈانی فوج نے حملہ کیا ہے ہم نے خرطوم ائیرپورٹ اور مروی شہر میں فوجی اڈے کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
دوسری جانب سوڈانی فوج کا کہنا ہے کہ پیرا ملٹری ریپڈ فورس کے اہلکار ملٹری ہیڈ کوارٹر پر قبضے کی کوشش کر رہے ہیں۔