پنجاب کے انتخابات کیلئے فنڈز جاری نہ کر کے شہباز شریف توہین عدالت کے مرتکب ہو چکے ہیں: پرویز الٰہی

اس موقع پر سابق وزیراعلٰی پنجاب نے کہا کہ الیکشن کیلئے فنڈز پارلیمنٹ نے نہیں وزیراعظم اور وزیر خزانہ نے جاری کرنے ہیں،پارلیمنٹ عملی طور پر سپریم کورٹ کیخلاف پی ڈی ایم کا کیمپ آفس بن چکی ہے۔ گزشتہ روز پارلیمنٹ میں آئین کی گولڈن جوبلی کے موقع پر سیاسی ڈرامہ رچایا گیا،سپریم کورٹ کے سنیئر ترین جج کی موجودگی میں عدلیہ کی تضحیک کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ غیر آئینی بل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں منظور ہونا جمہوریت کی نفی ہے،پی ڈی ایم ٹولہ اس وقت آئین کی دھجیاں اُڑا ہے تاریخ ان سے حساب لے گی۔ہم سپریم کورٹ اور آئین کے ساتھ کھڑے ہیں،چیف جسٹس اس مشکل گھڑی میں سرخرو ہوں گے اور قوم انکے ساتھ ہے۔ چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اداروں کو لڑانے کی سازش میں ناکام ہو گی،نواز شریف انتقامی سیاست کر رہے ہیں ان کا مقصد عمران خان سے بدلہ لینا ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم آزاد کشمیر کو نا اہل قرار دینے پر پی ٹی آئی نے ردِعمل دے دیا ہے،فواد چوہدری نے کہا کہ آزاد کشمیر کا وزیر اعظم ہو یا پاکستان کا عدالتی فیصلوں کا احترام ضروری ہے،عدالتی نظام کو تباہ کر کے ملک نہیں چل سکتے۔
سابق وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر عدالت سے معافی مانگیں،امید ہے انہیں سپریم کورٹ سے ریلیف ملے گا،وزیر اعظم پاکستان اس فیصلے سے سبق حاصل کریں گے۔ جبکہہ آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس کو تقریر میں دھمکی آمیز لہجہ اختیار کرنے پر نااہل قرار دے دیا ہے۔