پنجاب اسمبلی انتخابات: ہمیں کوئی فنڈز نہیں ملے، الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کو آگاہ کر دیا

الیکشن کمیشن نے بتایا کہ انتخابات کے لیے سیکیورٹی کی کمی کا بھی سامنا ہے۔ سیکیورٹی کی کمی کے حوالے سے کام کیا جا رہا ہے۔الیکشن کمیشن نے اب تک کی صورتحال سے متعلق سپریم کورٹ کو آگاہ کیا۔ سپریم کورٹ نے 10 اپریل تک الیکشن کمیشن کو 21 ارب جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔قبل ازیں پنجاب اسمبلی انتخابات کی تیاریوں سے متعلق الیکشن کمیشن کے جائزہ اجلاس میں بریفنگ دی گئی۔
ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ فنڈز اور سیکیورٹی فراہم کی جاتی ہے تو سب تیاریاں مکمل کر لیں گے۔ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے لیے اسپیشل واٹر مارک والا کاغذ استعمال کیا جائے گا۔امیدواروں کی حتمی لسٹ تیار ہونے کے بعد بیلٹ پیپرز کی تیاری کام شروع ہو گا۔ذرائع کے مطابق انتخابی عملے کی بھی ٹریننگ کی جا چکی ہے۔علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے رجسٹرڈ ووٹرز کے اعداد و شمار جاری کر دئیے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 12 کروڑ 56 لاکھ تک پہنچ گئی ہے،پنجاب میں ووٹرز کی تعداد 7 کروڑ 15 لاکھ ہے،بلوچستان میں ووٹرز کی تعداد 52 لاکھ 28 ہزار اور خیبر پختو نخوا میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 14 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ سندھ میں ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 63 لاکھ ہو گئی،اسی طرح اسلام آباد میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 10 لاکھ 20 ہزار ہے۔