پاکستانی خبریں

خیبرپختونخوا انتخابات: پی ٹی آئی نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خیبرپختونخوا اسمبلی کے انتخابات کیلئے تاریخ نہ دینے کے معاملے پر پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا، پی ٹی آئی رہنما مشتاق غنی کی جانب سے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست کردی۔

تحریک انصاف کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ ہائی کورٹ سے داد رسی نہ ہونے کی صورت میں سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائےگا۔

پشاور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیارکیا گیا ہے کہ گورنر خیبرپختونخوا نے انتخابات کے لیے 8 اکتوبرکی تاریخ دی ہے،گورنر نے پہلے 28 مئی کی تاریخ کااعلان کیا لیکن الیکشن کمیشن نے اسے نوٹیفائی نہیں کیا،گورنر کی جانب سے 8 اکتوبر کی تاریخ غیرقانونی و غیر آئینی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہےکہ سپریم کورٹ نے بھی فیصلہ دیا ہے اور الیکشن کمیشن اس پر عمل درآمدکا پابند ہے، گورنر کو فوری الیکشن کے لیے تاریخ دینےکا حکم دیا جائے، درخواست میں الیکشن کمیشن، وفاقی وصوبائی حکومت، گورنر کے پی اور صدر مملکت کو فریق بنایاگیا ہے۔

اس موقع پر پی ٹی آئی رہنماء و سابق اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق غنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنی دو اسمبلیاں ختم کیں، ہم الیکشن چاہتے ہیں، نالائق حکومت اس وقت اقتدار میں ہے،  حکومت حیلے بہانے کے زریعے الیکشن ملتوی کر رہی ہے۔

مشتاق غنی نے کہا کہ گورنر نے تاریخ دی وہ بھی تاخیر سے، ہم ہر فورم پر قانونی کارروائی کر رہے ہیں، سپریم کورٹ کے شکر گزار ہیں کہ پنجاب کے حوالے سے فیصلہ دیا، سپریم کورٹ نے فیصلہ کیا کہ ہم دوبارہ درخواست دائر کریں، آج ہم نے درخواست جمع کرا دی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج وزیر خزانہ پیسے دینے کے بجائے امریکہ پرواز کر گئے ہیں، موجودہ حکومت کی آج بھی کوئی آئینی حیثیت نہیں، نگران حکومت کا کام صرف الیکشن کرانا ہے، یہاں حکومت میں سب پارٹیوں نے اپنا کوٹہ رکھا ہوا ہے، ہم نے وزیر اعلٰی کو پورٹ کیا لیکن آج ان کے قلم کی سیاہی بھی گورنر ہاؤس سے آتی ہے، :ہم نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ اپنی ساکھ خراب نہ کریں اور مستعفی ہو جائیں، ہم ان کے خلاف ریفرنس داخل کرنے جا رہے ہیں۔

Related Articles

Back to top button