پاکستانی خبریں

حکومت کا ہر سال 10 اپریل کو یوم دستور منانے کا اعلان

آئینی پاکستان کی گولڈن جوبلی کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے پیش کی گئی قراداد منظور کرتے ہوئے حکومت نے ہر سال 10 اپریل کو یوم دستور منانے کا اعلان کیا ہے۔

قرارداد میں 10 اپریل کو یوم دستور منانے کا اعلان کیا گیا ہے، یوم دستور ہر سال ملک بھر میں منایا جائے گا۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یوم دستور عوام اور ملک کے لیے آئین اور اس کی اہمیت سے آگاہ کرے گا، کنونشن ریاستی اداروں پر زور دیتا ہے کہ 1973 کے آئین پر مکمل عمل درآمد کریں ، ریاستی ادارے وہ تمام ضروری اقدامات کریں جن سے عوام کےحقوق اور مفادات کا تحفظ ہو، ریاستی ادارے وہ تمام ضروری اقدامات کریں جن سےدفاع کویقینی بنایا جا سکے۔

قرارداد میں 1973 کے آئین کی تیاری اور منظوری کی تاریخ اور ورثے پر فخرکا اظہار کرتے ہوئے آئین میں درج وفاقیت اور اختیارات کے تین ریاستی اداروں میں تقسیم کے ذکر کا اعادہ کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ قرارداد میں آئین میں درج عدلیہ کی آزادی و غیرجانبداری، صوبائی خودمختاری اور شہریوں کے بنیادی حقوق کا اعادہ کرنے کے ساتھ آئین میں فیڈرل ازم کے اصول بالادست رکھنے کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے قرارداد پڑھ کر سناتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دستور میں درج ہے کہ حاکمیت اعلیٰ صرف اللہ تعالی کی ہے، آئین کے دیے ہوئے اس اختیار کو پاکستان کے عوام اپنے منتخب نمائندوں کے ذریعے اللہ تعالی کی متعین کردہ حدود کے اندر رہ کر استعمال کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ 10 اپریل 1973 کو قومی اسمبلی سے منظور ہونے والا 1973 کا آئین پاکستان کے عوام کی امنگوں اور خواہشات کا ترجمان ہے، 1973 کا آئین قائد اعظم محمد علی جناح اور حضرت علامہ اقبال سمیت بانیان پاکستان کی بصیرت کا عکس ہے۔ جمہوریت مساوات ، آزادی اور انصاف کے اصولوں کا حامل ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ 1973 کا آئین تنوع اور پاکستان کے اتحاد کا منفرد مظہر ہے کہ یہ صوبوں کی وحدت اور وفاق کے سیاسی اتحاد کو یقینی بناتے ہوئے اُن کے حقوق و خود مختاری کو تسلیم کرتا ہے۔ 1973 کا آئین دستور کے اصولوں کی بالا دستی، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے پارلیمنٹ اور انتظامیہ کی راہنمائی اور جذبے کا ذریعہ ہے۔

Related Articles

Back to top button