اتحادی حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا: بلال اظہر

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران بلال اظہر کیانی نے کہا کہ گزشتہ چند روز سے عمران خان اور ان کے معاشی ماہرین قومی معیشت کے بارے میں بڑے بڑے دعوے کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئین شکنی اور قانون کو جوتے کی نوک پر رکھنے کے علاوہ عمران خان نے معیشت کی جس طرح تباہی کی ہے اس میں ایک مرتبہ پھر عوام کے سامنے سی وی پیش کرنا انہیں زیب نہیں دیتا۔ موجودہ مہنگائی اور معاشی تباہی کی ذمہ داری عمران خان اور ان کی معاشی ٹیم پر ہوتی ہے۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ سی پیک کے تحت ملک بھر میں ترقیاتی منصوبے جاری تھے، نیشنل گرڈ میں 12 ہزار میگاواٹ بجلی شامل کی گئی، آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام مکمل کیا گیا تھا، ملک کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیاگیا۔
بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ ضرب عضب اور ردالفساد جیسے آپریشن ہوئے جس سے امن اور سلامتی کا ماحول بہتر ہوا، ملک کو اندھیروں سے نکالا گیا، محصولات میں دوہرا اضافہ ہوا ، 60 لاکھ سے زائد لوگوں کو روزگار فراہم کیا گیا۔ مگر جب عمران خان کو مسلط کیا گیا تو 4 سالوں میں مہنگائی کی مستقل صورتحال جاری رہی۔ عمران خان کے چاروں وزرائے خزانہ نے ملکی معیشت کو برباد کردیا۔