باڑہ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب بارودی مواد پھٹنے سے دو اہلکار شہید

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) نے خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں حملے کی تصدیق کی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ خیبر کے ضلع باڑہ کے عمومی علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب بارودی مواد پھٹنے کے نتیجے میں لوئر دیر سے تعلق رکھنے والے 37 سالہ نائب صوبیدار حضرت گل اور جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے 34 سالہ سپاہی نذیر اللہ محسود شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں کسی بھی دہشت گرد کے خاتمے کے لیے علاقے کی کلیئرنس کا عمل جا ری ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے فوجیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت فراہم کرتی ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں مسلسل دہشت گردی کے واقعات رونما ہو رہے ہیں جہاں سب سے زیادہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔