اسحاق ڈار سے امریکی سفیر کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر تبادلۂ خیال

وزیر خزانہ نے سفیر کو ملک کی معاشی صورتحال اور ملک کو درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا۔ انہوں نے معاشی گراوٹ کو روکنے اور معیشت کو معاشی استحکام اور ترقی کی طرف لے جانے والے مثبت راستہ اختیار کرنے کے لیے حکومت کے دانشمندانہ پالیسی فیصلوں کے بارے میں بتایا۔
وزیر خزانہ نے سفیر کو آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا اور اس پروگرام کو مکمل کرنے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملک کے معاشی استحکام اور عوام کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے حکومت کی پالیسیوں اور پروگراموں پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اقتصادی، سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے اپنے تعاون کا اظہار کیا۔
دونوں اطراف نے مشترکہ دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں ممالک کے درمیان موجودہ دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ان مختلف اقتصادی شعبوں کے بارے میں بھی بات کی جن میں دونوں ممالک اپنے تعلقات کو مزید مضبوط کر سکتے ہیں۔
وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے امریکی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور حکومت کی جانب سے امریکا کے ساتھ دوطرفہ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔