پولیس کا زمان پارک میں آپریشن، متعدد پی ٹی آئی کارکن گرفتار

رپورٹس کے مطابق پولیس کی بھاری نفری زمان پاک پہنچ گئی جبکہ قیدیوں کو لے جانے والی وین اور واٹر کینن کو کینال روڈ پر پہنچا دیا گیا ہے۔ زمان پارک میں کرینیں بھی پہنچا دی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق زمان پارک میں عمران خان کی رہائش گاہ کے ارد گرد ڈنڈا بردار کارکنان موجود ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کارکنان زمان پارک میں واقع گراؤنڈ اور عمران خان کی رہائش گاہ کے قریب کیمپوں میں موجود ہیں۔
پنجاب پولیس کی جانب سے اسپیکر کے ذریعے دفعہ 144 کا اعلان کردیا گیا۔
پولیس نے اعلان کیا کہ دفعہ 144 نافذ ہے، آپ سے گزارش ہے منتشر ہو جائیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی ورکرز کی جانب سے پولیس کے خلاف نعرے بازی کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز زمان پارک میں پولیس کی کارروائی سے متعلق پنجاب کی نگراں حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان معاہدہ طے ہوا تھا ،فریقین کے درمیان ریلیوں،سیکیورٹی اور قانونی معاملات کے ٹی او آرز طے پائے۔
معاہدے کے مطابق تحریک انصاف وارنٹس کی تکمیل، سرچ وارنٹس کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون کرے گی اور اس کے علاوہ جماعت کی جانب سے زمان پارک کے اردگرد ہنگامہ آرائی کے سلسلے میں 14 اور 15مارچ کو درج ہونے والے مقدمات کی تفتیش میں بھی تعاون کیا جائے گا۔