پاکستانی خبریں

کوہستان میں سیری پٹن کے مقام پر گھر میں آتشزدگی، 10 افراد جاں بحق

خیبرپختونخوا کے ضلع کوہستان میں سیری پٹن کے مقام پر گھر میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں خاتون اور بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق ہو گئے۔

لوئر کوہستان میں ریسکیو 1122 کے ترجمان فرمان علی کا کہنا ہے کہ جمعہ کو علی الصبح شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لکڑی کے گھر میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی، اُس وقت تمام رہائشی سو رہے تھے۔

مزید بتایا کہ آگ کے باعث گھر کی چھتیں گر گئیں اور رہائشی افراد ملبے تلے دب گئے، جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق جبکہ 3 دیگر زخمی ہو گئے، فرمان علی نے مزید بتایا کہ رہائشیوں کے جاگنے سے پہلے ہی پورے گھر کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ جب ریسکیو کی کوششیں شروع کی گئیں تو اندھیرا تھا، جس کی وجہ سے لاشیں اور زخمیوں کو نکالنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

فرمان علی نے بتایا کہ تاہم تمام افراد کی لاشیں برآمد کرلی گئیں جبکہ تین زخمی افراد کو سیری پٹن کے رول ہیلتھ سینٹر منتقل کیا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس واقعے میں 8 بھینسیں بھی ہلاک ہوگئیں، مقامی لوگوں نے بھی ریسکیو کی کوششوں میں حصہ لیا تھا۔

 

Related Articles

Back to top button