پاکستانی خبریں

چور چور کی سیاست کرنے والے اپنی چوری کا جواب دینے سے بھاگ رہے ہیں: شیری رحمان

وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان توشہ خانہ کیس کی عوامی سماعت کا مطالبہ کرتے تھے، چور چور کی سیاست کرنے والے اپنی چوری کا جواب دینے سے بھاگ رہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں شیری رحمان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے کہا تھا ’میں گھر پہ نہیں، 7 تاریخ کو عدالت میں پیش ہوں گا‘، آج پھر عدالتی نظام اور قانون کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ یہی وہ ملک کی اشرافیہ اور مافیا ہے جو خود کو قانون سے بالا سمجھتی ہے۔

سینیٹر شیری رحمان نے اپنے پیغام میں لکھا کہ عدالت سے کسی مجرم کو اتنی سہولیات اور مراعات نہیں ملیں جتنی’لاڈلے خان‘ کو مل رہی ہیں۔

شیری رحمان نے لکھا کہ کون سے مجرم کے لیے عدالت پورا پورا دن انتظار کرتی ہے؟ ہمارے رہنماؤں کو پابندی سے عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا جاتا تھا، قانونی اور عدالتی اصول سب کے لیے ایک کیوں نہیں؟

انہوں نے لکھا کہ عمران خان توشہ خانہ کیس کی عوامی سماعت کا مطالبہ کرتے تھے، چور چور کی سیاست کرنے والے اپنی چوری کا جواب دینے سے کیوں بھاگ رہے ہیں؟

شیری رحمان نے یہ بھی لکھا کہ توشہ خانہ سے چوری نہیں کی تو عدالت میں تلاشی دینے سے کیوں ڈر رہے ہیں؟

Related Articles

Back to top button