پاکستانی خبریں

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

گوجرانوالا کی انسداد دہشت گردی عدالت نے وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست خارج کرتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری اے ٹی سی کے جج رانا زاہد اقبال خان نے جاری کیے۔

عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہےکہ رانا ثنا اللہ کو گرفتار کرکے 28 مارچ کو پیش کیا جائے۔

عدالت نے رانا ثناء اللّٰہ کو گرفتار کر کے آج پیش کرنے کا حکم دیا گیا تھا اور تفتیشی آفیسر، ڈی ایس پی، ایس پی انویسٹی گیشن کو شوکاز بھی جاری کیا تھا۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے تینوں پولیس افسران کو بھی آج طلب کر رکھا تھا۔

رانا ثناء اللّٰہ کی طرف سے ان کے وکیل ایڈووکیٹ عبدالماجد عدالت میں پیش ہوئے اور انہوں نے رانا ثناء اللّٰہ کی آج عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی تھی۔

رپورٹ کےمطابق ایڈووکیٹ عبدالماجد نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری مصروفیات کے باعث رانا ثناء اللّٰہ آج عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔

وکیل کی جانب سے درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ رانا ثناء اللّٰہ اگلی سماعت پر عدالت میں پیش ہو جائیں گے۔

عدالت نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

واضح رہے کہ عدالت نے پولیس کو حکم دیا تھا کہ رانا ثناء اللّٰہ کو 7 مارچ کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔

گوجرانوالہ کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے وارنٹِ گرفتاری گجرات کے تھانہ انڈسٹریل میں رانا ثناء اللّٰہ کے خلاف درج ایک مقدمے میں جاری کیے تھے۔

رانا ثناء اللّٰہ کے خلاف مقدمہ انسدادِ دہشت گردی کی دفعات کے تحت 5 اگست 2022ء کو درج کیا گیا تھا۔

مقدمہ ق لیگ کے مقامی رہنما شاہ کار اسلم کی مدعیت میں درج ہوا تھا۔

Related Articles

Back to top button