پاکستانی خبریں

افغانستان پابند ہے اس کی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال نہ ہو: وزیر دفاع

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پچھلے چند ماہ سے ملک میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات افسوسناک ہیں، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کامقابلہ کررہی ہیں۔ افغانستان پابند ہے کہ اس کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ وزیر دفاع نے کہا کہ دہشت گردی کے حوالے سے انہوں نے افغانستان کا دورہ کیا، دورہ افغانستان میں انہیں اچھا جواب ملا ہے، افغانستان پابندہےاس کی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال نہ ہو۔

چیئرمین تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان اس وقت امریکا اور اسٹیبلشمنٹ کے پاؤں پکڑ رہا ہے، ان کو گرفتار کرنے کی کوئی جلدی نہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ چوہے بلی کا کھیل کچھ دیر اور جاری رہے، اگر عدالت حکم دیتی ہے تو عمران خان کی گرفتاری ہونی چاہیے، عمران خان نے چند روز سے ڈرامہ شروع کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدالتوں کے حکم پر ماضی میں بھی عمل کیا، آگے بھی کریں گے، عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، اگر عدالت گرفتاری کا حکم دیتی ہے تو گرفتار ہونا چاہیے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے فیصلے پر الیکشن کمیشن کام کر رہا ہے، قومی اور صوبائی اسمبلی انتخابات ایک ساتھ کروانے کی کوئی مجبوری نہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ کی مدد کے بغیر کبھی ایک قدم نہیں اٹھایا، سیاستدان عدالتوں میں پیش ہوتے ہیں، ٹی وی پر روتے دھوتے نہیں۔

Related Articles

Back to top button