پاکستانی خبریں

کچھ قوتوں سے برداشت نہیں ہوتا کہ صوبوں اور عوام کو حق ملے: بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ آئین بننے کے بعد سے اس پر مسلسل حملے ہوتے رہے ہیں، کچھ قوتوں سے برداشت نہیں ہوتا کہ صوبوں اور عوام کو حق ملے۔

کراچی میں آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارے ملک کی اعلیٰ عدلیہ دہرے معیار کے ساتھ چل رہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہماری کوشش تھی ہرادارہ اپنی حدود میں رہ کرکام کرے، پیپلز پارٹی نےجو کام شروع کیا، ن لیگ نے انہیں مکمل کیا، اس تسلسل کو توڑنے کے لیےایک مک مکاؤ کیا گیا، عمران خان کو بطور وزیراعظم لانے کی سازش آئین کے خلاف تھی۔

عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک شخص نے عدلیہ، میڈیا اور اسٹیبلشمنٹ کو تقسیم کردیا، وہ شخص توچلاگیا مگر اسے لانے والی سوچ وہیں ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انصاف دینے والے ادارےآپس میں لڑ رہے ہیں تو عوام کو کیا امید ہوگی؟، سننے میں آرہا ہے ایک جج کو دوسرے سے بات کرنے میں بھی مشکل ہوتی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پارلیمان اور سیاستدان اس قدر لڑرہے ہیں کہ آدھا پارلیمان خالی ہے، ہماری آپس کی لڑائی میں آئین اور جمہوریت خطرے میں رہےگی، ایسے حالات میں غیرجمہوری قوتوں کے لئے مزے ہوں گے۔ ہم سیاسی، معاشی اور آئینی بحران سےگزر رہے ہیں، موجودہ مسائل کا بوجھ عام آدمی کو اٹھانا پڑرہا ہے، ہم آپس میں لڑتے رہیں گے تو اس سے مزید نقصان ہوگا، آپس میں لڑتے رہیں گے تو مہنگائی اور بھوک سےکیسے لڑیں گے؟۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ملک میں دہشت گردی ایک بار پھر سر اٹھا رہی ہے، آپس کی لڑائی سےدہشتگردوں کو بھی فائدہ ہورہا ہے۔

Related Articles

Back to top button