پاکستانی خبریں

امید ہے عدلیہ صدر کے فیصلے کو آئینی اور قانونی قرار دے گی: شیخ رشید

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ صدر مملکت نے 9 اپریل الیکشن کی تاریخ دے کرحکومت کی بنیادیں ہلا دی ہیں۔ معروف وکیل لطیف کھوسہ اور سلمان راجہ بھی کہتے ہیں کہ صدر کا فیصلہ آئینی ہے، امید ہےعدلیہ صدر کے فیصلے کو آئینی اور قانونی قرار دے گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ چیرمین نیب کااستعفٰی 85 رکنی کابینہ کےمنہ پر طمانچہ ہے، استعفٰی دینے کی دیر تھی کہ نیب کےطلبی نوٹس کا جمعہ بازار لگ گیا ہے۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان آئی ایم ایف کا پانچواں اور ایشیاء میں سب سے بڑا مقروض ترین ملک ہے، وزیرپیٹرولیم آذربائیجان میں ادھار تیل اور ایل این جی کے لیے دھکے کھارہا ہے۔آٹا اور گھی نایاب اور حکومت نیب افسروں کی تبدیلیوں میں لگی ہوئی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 75 برسوں میں وزرائے خارجہ نے جتنے دورےکیے اتنے بلاول بھٹو زرداری نے اکیلےکیے ہیں اور وہ موج میلے منارہا ہے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ آبپارہ پولیس نے پنجاب کے علاقے میں میرے گھر میں ڈکیتی کی اور میرا سامان چوری کیا اور مقدمہ بھی میرے خلاف درج کرایا۔ اپنی وردی بھی خود ہی پھاڑی۔عدالت میں ویڈیو کےساتھ آبپارہ پولیس اور اس کے پیچھے چھپے چہرے کو بےنقاب کرکے پوسٹ مارٹم کروں گا۔

Related Articles

Back to top button